پنجاب (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں جاپانی کارٹون سیریز ڈورے مون پر پابندی کے حوالے سے قرارداد جمع کروائی گئی ہے۔
بدھ کو پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی ملک تیمور کی جانب سے جمع کروائی گئی قرارداد میں پیمرا سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملک میں نشر کیے جانے والے کارٹون چینلز بند کیے جائیں اور خصوصاً ڈورے مون کے کارٹون پر پابندی لگائی جائے۔
قرارداد میں یہ تو نہیں واضح کیا گیا کہ رکنِ اسمبلی کو اس مخصوص کارٹون سیریز پر کیا اعتراض ہے تاہم اس میں کہا گیا ہے کہ کارٹون چینلز کے بچوں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
اس قرارداد میں کارٹون چینلز کی نشریات کا دورانیہ بھی کم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ 24 گھنٹے نشریات دکھانے والے ان کارٹون چینلز سے بچوں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور ان سے بچوں کی تعلیمی و جسمانی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔
اس قرارداد میں کارٹونز کی زبان پر بھی اعتراض کیا گیا ہے اور موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایسی ’زبان ہماری معاشرتی اقدار کو تباہ کر رہی ہے‘۔ تاہم اس بارے میں بھی مزید کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔
پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع ہونے کی خبر سامنے آنے کے بعد پاکستان میں سماجی روابط کی ویب سائٹس پر اس معاملے پر بحث چھڑ گئی ہے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر #PTIvsDoraemon کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کر رہا ہے۔