سہون (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں رینجرز کے قیام کا معاملہ حل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کے اختیارات کے معاملے پر وفاق کو کوئی سمری نہیں بھیجی۔ وفاق کو رینجرز کے معاملے پر خط بھیجا تھا مگر جواب نہیں آیا۔
میڈیا سے گفتگو سے پہلے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ وزارت اعلیٰ کا باقاعدہ حلف لینے کے بعد پہلی بار اپنے علاقے سہون آئے۔ پروٹو کول میں کمی کے خواہشمند وزیر اعلیٰ خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے شہباز ایئرپورٹ پر پہنچے جہاں جیالوں نے فلک شگاف نعروں کے ساتھ ان پر پھول نچھاور کئے۔
وزیر اعلیٰ کی آمد کے پیش نظر لعل شہباز قلندر کی درگاہ کو 7 گھنٹے بند رکھا گیا جس کے باعث زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سید مراد علی شاہ ریلی کی صورت میں اپنی رہائشگاہ واہڑ آئے اور اپنے والدین کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی۔