لندن (جیوڈیسک) پاکستان کی ماضی کی مقبول فلم اداکارہ شمیم آرا جمعہ کو لندن میں انتقال کر گئیں، ان کی عمر 78 برس تھی۔
وہ طویل عرصے سے علیل ہونے کے باعث لندن کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھیں جہاں جمعہ کو ان کا انتقال ہو گیا۔
1950ء کی دہائی میں اپنے فنی سفر کا آغاز کرنے والی شمیم آرا تقریباً دو دہائیوں تک بطور اداکارہ فلم بینوں کے دلوں پر راج کرتی رہیں۔ بعد ازاں انھوں نے ہدایتکاری کے شعبے میں قدم رکھا اور لاتعداد مشہور فلمیں بنائیں۔
وہ 1938ء میں غیرمنقسم ہندوستان کے علاقے علی گڑھ میں پیدا ہوئی اور بتایا جاتا ہے کہ ان کا نام پتلی بائی رکھا گیا۔
1950ء کی دہائی میں اپنے خاندان کے ساتھ لاہور آئیں تو یہاں ان کی ملاقات ایک مشہور فلم ڈائریکٹر نجم نقوی سے ہوئی جنہوں نے انھیں اپنی فلم “کنواری بیوہ” میں اداکاری کا موقع دیا۔ یہ فلم لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں تو کامیاب نہیں ہو سکی لیکن یوں بطور شمیم آرا ان کے فنی سفر کا آغاز ہوا۔
ان کی مشہور فلموں میں سہیلی، لاکھوں میں ایک، بھابھی اور دوراہا سمیت متعدد فلمیں شامل ہیں۔ انھوں نے موقر “نگار ایوارڈ” چار مرتبہ حاصل کر رکھا تھا۔
2010ء میں ان کے دماغ کی نس پھٹ گئی تھی اور انھیں علاج کی غرض سے لاہور سے لندن منتقل کر دیا گیا تھا جس کے بعد سے وہ وہیں زیر علاج تھیں اور اطلاعات کے مطابق وہ ایک لمبے عرصے تک کوما میں رہیں۔