وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) موسلا دھار بارشوں کے حالیہ سلسلہ کے بعد دریائے چناب کے ملحقہ علاقوں کیلئے انتظامیہ کی جانب سے فلڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ وزیرآباد کے مقام پر دریا میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد محمد انور بریار کے مطابق اس وقت ہیڈ خانکی کے مقام پر اس وقت 3 لاکھ 45 ہزار کیوسک کا ریلہ گزار رہا ہے۔
آئندہ چند گھنٹوں میں دریائے چناب میں 4 لاکھ کیوسک سے زائد پانی کا ریلہ گزرے گا جس کی وجہ سے بیلہ کے قریبی دیہات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔سیلابی علاقوں کے مکینوں کو وارننگز جاری کردی گئی ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے مساجد میں بھی اعلانات کروائے جارہے ہیں کہ سیلابی ریلہ کے پیش نظر جان ومال کواپنی مدد آپ کے تحت بروقت محفوظ بنالیا جائے بال بچوں اور مال مویشی کو محفوظ مقامات پر منتقل کر لیا جائے۔
Visit
ڈی سی او عامر جان کی نگرانی میں ضلعی انتظامیہ تمام سیلابی صورتحال کا لمحہ بہ لمحہ جائزہ لینے کیلئے حرکت میں ہے۔ڈی سی او گوجرانوالہ محمد عامر جان نے اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد محمد انور بریار کے ہمراہ سیلابی علاقوں کا دورہ کیا اور انتظامیہ کو متوقع سیلاب کے پیش نظر ہر طرح کے حفاظتی اقدامات مکمل رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔ سیلابی علاقوں کے مکینوں نے فلڈ وارننگز کے بعد اپنے خاندانوں اور مال مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔۔