نینو ٹیکنالوجی کے ماہرین نے ایک ایسا شفاف الیکٹرونک اسٹیکر تیار کرلیا ہے جسے چہرے یا متاثرہ عضو پر چپکا کر پٹھوں میں کھنچاؤ اور بلڈ پریشر وغیرہ پر نظر رکھی جاسکتی ہے جب کہ ضرورت پڑنے پر اس شخص کی جاسوسی بھی کی جا سکتی ہے۔
اس اسٹیکر کو ’’نینوٹیک ٹیٹو‘‘ بھی کہا جاتا ہے، یہ اسٹیکر میں کاربن سے بنا ہوا ہے، ایک ایسا انتہائی باریک برقیرہ (الیکٹروڈ) ہے جو انسانی جسم کے لیے بالکل بے ضرر بھی ہے۔ اسے انسانی جلد پر بہ آسانی چپکایا جاسکتا ہے جہاں رہتے ہوئے یہ پٹھوں اور اعصاب میں ہونے والی سرگرمیوں کی مسلسل پیمائش کرتا رہتا ہے۔
توقع ہے کہ مستقبل میں یہ اسٹیکر متاثرہ جسمانی بافتوں (ٹشوز) کی بحالی میں بھی مدد دے سکے گا۔ یہ نینوٹیک اسٹیکر ’’الیکٹرو مائیو گرافی‘‘ نامی ایک طبّی تکنیک کے متبادل کے طور پر ایجاد کیا گیا ہے جس میں جیلی دار گوند کی مدد سے جلد پر چپکائے جانے والے الیکٹروڈز خاصے بڑے ہوتے ہیں اور وہ تار سے جڑے بھی ہوتے ہیں۔
اسی لیے مریض انہیں استعمال کرتے دوران ایک ہی جگہ محدود رہنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ اس کے برعکس یہ نینوٹیک اسٹیکر چپکانے والے لوگ آسانی سے کہیں بھی جاسکتے ہیں۔
یہ اسٹیکر لوگوں میں مختلف حالات کے تحت جذباتی ردِعمل کی پیمائش کرنے میں بھی معاون ثابت ہوسکتا ہے لیکن یہ تو صرف ابتداء ہے کیونکہ سائنسدانوں کو امید ہے کہ اسے اور بھی کئی کاموں میں استعمال کیا جا سکے گا۔