کراچی: جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کوئٹہ دہشتگردی کے واقعے میں جاں بحق صحافیوں اور وکلاء اور دیگر 73 افراد کی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی سے جھٹکارے کیلئے قوم کو متحدہونے کی ضرورت ہے ، اسلام ہر قسم کی دہشت گردی کی پرزور مذمت کرتاہے، بھارت خطے میں بدامنی کا سب سے بڑا ذمہ دار ہے ، بھارت کیخلاف عالمی سطح پر آواز بلند کی جائے ،قوم متحد ہے، بزدلانہ کارروائیاں ملی وحدت کوختم کرنے میں ناکام رہیں گی،قوم حکمرانوں سے مایوس دکھائی دیتی ہے۔
منگل کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ حکمرانوں کو اب ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے ، کوئٹہ دہشت گردی کے واقعے کے ذمہ داروں کو عبرتناک سزا دی جائے ، انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن تیز کیاجائے ، انہوں نے کہاکہ بھارتی دہشتگردی کو عالمی سطح پر بے نقاب کیاجائے ، ہم روز اول سے کہتے رہے ہیں ملک میں دہشگردی کے واقعات میں بھارت ور دیگر پڑوسی ممالک ملوث ہیں جو پاکستان میں کبھی ترقی واستحکام نہیں دیکھنا چاہتے ، انہوں نے کہاکہ المیہ یہ ہے کہ ہر سانحہ کے بعد ہم فوٹو سیشن اور بیان باز،ی مذمت اور قراردادیں پاس کرکے اقدامات پر توجہ نہیں دیتے جس کا دہشت گرد بھرپور فائدہ اٹھاتے ہیں اور منظم ہوکر پھر سے بزدلانہ وار کرتے ہیں ،انہوں نے کہاکہ حکومت دہشت گردی قابو کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔
حکمرانوں کو سوچنے کی ضرورت ہے آخر دہشت گردی کا خاتمہ کرنے میں ہم ناکام کیوں ہیں، ،انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ بلوچستان میں را کے ملوث ہونے کے ثبوت ملے ہیں اس کے باوجود اس مسئلہ کو عالمی سطح پر نہیں اٹھایا جارہاہے بھارت سمیت ہمارے پڑوسی ممالک پاک چین راہد اری منصوبوں کی تکمیل نہیں چاہتے ، قوم کو متحد ہوکر اس دہشت گردی کے ناسور سے جھٹکارے کی پلاننگ کرنے کی ضرورت ہے خودکش حملہ ہو یا دہشت گردی اسلام کسی صورت تخریب کاری کی اجازت نہیں دیتا۔
دہشت گردی کو اسلام یا کسی مذہب سے ہر گز جوڑنا درست نہیں ، دہشت گرد کسی کے وفادار نہیں بلکہ وہ بیرونی ایجنڈے کی تکمیل چاہتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے دشمن کا تعین کرنے کی ضرورت ہے ہر واقعے کے بعد ایک مخصوص تنظیم کا نام لیکر تحقیقات کارخ موڑنے کی کوشش کی جاتی ہے،اور جب بھی کوئی واقعہ رونما ہوتاہے کوئی بھی گروپ اٹھ کر اس کی ذمہ داری قبول کرلیتاہے،جس کی وجہ سے اصل دشمن بے نقاب نہیں ہوتے اس لیے دہشتگردی کے حوالے سے تحقیقات کی جائیں ، انہوں نے کہاکہ ہمیں من حیث القوم اصل دشمن کو تلاش اور اسے بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہاکہ کوئٹہ کے واقعے میں بکھری لاشیں دیکھ کر میرا دل خون کے آنسو رو رہاہے، خدار ار دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قوم متحدہوجائے کب تک ہم دشمنوں کے ہاتھوں اپنے پیاروں کے لاشے اٹھاتے رہیں گے۔