باجوڑ ایجنسی (جیوڈیسک) پاکستان کے زیرانتظام قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز پر ہونے والے ایک ریموٹ کنٹرول بم حملے میں دو فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
باجوڑ ایجنسی کے پولیٹکل انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ واقعہ منگل کی صبح چار منگ کے علاقے میں پیش آیا۔ انھوں نے کہا کہ فوج کے دو اہلکار پانی بھر کر لارہے تھے کہ انھیں سڑک کے کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کا نشانہ بنایا گیا۔
اہلکار کے مطابق دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچ گئی اور سارے علاقے کو گھیرے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔ انھوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران سات مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔
ادھر کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ خیال رہے کہ باجوڑ ایجنسی میں کچھ عرصے سے سکیورٹی اہلکاروں اور حکومتی حامی قبائلی مشران پر حملوں میں تیزی دیکھی جارہی ہے۔
اس سے پہلے بھی علاقے میں کئی ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس میں متعدد افراد مارے جاچکے ہیں جن میں اکثریت سکیورٹی اہلکاروں اور قبائلی سرداروں کی ہے۔
یہ امر بھی اہم ہے کہ دہشت گردی کے ان واقعات کے بعد علاقے میں وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن اور دیگر کاروائیاں کی جاتی ہیں تاہم اب تک ہدف بناکر قتل کیے جانے کے واقعات پر مکمل قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔