ارجنٹائن (جیوڈیسک) ارجنٹائن کے مشہور فٹبالر لیونل میسی نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اپنا فیصلہ واپس لے لیا ہے اور انھیں ورلڈ کپ کوالیفائرز کے لیے ارجنٹائن کے سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
لیونل میسی نے دو ماہ قبل کوپا امریکہ میں چلی کے ہاتھوں فائنل میں شکست کے بعد بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائر ہونے کا اعلان کیا تھا۔
ارجنٹائن کے ذرائع ابلاغ کے مطابق میسی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انھوں نے ’ملک کی محبت اور ٹیم میں رہ کر مدد کرنے کے لیے یو ٹرن لیا ہے۔‘
ارجنٹائن ستمبر کے آغاز میں ورلڈ کپ کوالیفائر میں یوروگوائے اور وینزویلا کے خلاف میچز کھیلے گا۔
خیال رہے کہ چلی کے خلاف کھیلے گئے فائنل میچ میں لیونل میسی نے پینلٹی شوٹ آؤٹ ذائع کر دی تھی جس کی وجہ سے ارجنٹائن کو نو سالوں میں چوتھے بڑے فائنل میچ میں شکست ہوئی۔
لیونل میسی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’فائنل کی رات میرے ذہن میں کئی طرح کے خیالات آرہے تھے جن کی وجہ سے میں ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا، لیکن میرے ملک کے لیے میری محبت اور یہ شرٹ بہت عظیم ہیں۔‘
’ہمیں اپنی ٹیم میں بہت کچھ ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے لیکن میں یہ سب ٹیم میں ہوتے ہوئے کرنا چاہوں گا نہ کہ باہر بیٹھ کے تنقید کروں۔‘