کسووال (نمائندہ خصوصی) ملک بھر کی طرح کسووال اور گردونواح میں بھی جشن آزادی منانے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ جذبہ حب الوطنی سے سرشار بچے اور بڑے سبھی قومی پرچم، بیجز اور گلی محلے کو سجانے کے لیے جھنڈیوں اور پرچموںکی خریداری کر رہے ہیں۔
گلی محلوں، شاہراہوں، عمارتوں اور دیگر مقامات کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجایا جا رہا ہے، بچوں میں جشن آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے خصوصی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔، 14 اگست کے موقع پر پرچم کے ڈیزائن پر مبنی بچوں اور بڑوں کے ملبوسات کی فروخت بڑھ جاتی ہے، ہمیشہ کی طرح خواتین بھی یوم آزادی منانے میں پیش پیش ہیں۔
ایک طرف سبز اور سفید رنگ کے خوبصورت ملبوسات بنوائے جا رہے ہیں۔یوم آزادی کے حوالے سے مقامی سرکاری اور پرائیویٹ سکولزمیں تقریبات منعقد کی جارہی ہیں ۔ویسے تو جشن آزادی کی تیاریوں کے سلسلے میں دوکانداروں کا کہنا ہے کہ ہم اس قومی تہوار پر کاروبار کو ترجیح دینے کی بجائے ملی جذبے کو فوقیت دیتے ہیں۔
نوجوانوں کا کہناہے آزادی بڑی نعمت ہے اور ہمیںکسی نے بھیک میں نہیں دی بلکہ ہمارے بزرگوں نے بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کی ہے۔ زندہ قومیں اپنی آزادی کے دن کوملی جوش و جذبے کے ساتھ مناتی ہیں۔ آزادی ایک نعمت ہے اوراسی نعمت کی بدولت تمام خوشیاں اور عیدیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم وطن پاک کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
لوگوں کا جشن آزادی کی تیاریوں میں بڑھتا ہوا جوش وخروش پاک سرزمین سے والہانہ محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔