چین (جیوڈیسک) چین کے پاور اسٹیشن کی پائپ لائن میں دھماکے سے 21 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے۔
چین میں واقع ایک پاور اسٹیشن میں بھاپ کی پائپ لائن ایک زور دار دھماکے سے پھٹ گئی، جس کے باعث موقع پر موجود 21 ورکرز ہلاک، جبکہ دیگر 5 زخمی ہو گئے۔
دھماکا ڈین یانگ شہر میں جمعرات کو ہوا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ حکام اور امدادی کارکنوں کی کثیر تعداد موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو طبی امداد، جبکہ لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ مزید امدادی کاروائیاں جاری ہیں ، جب کہ دھماکے کے اسباب جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ چین میں اس قسم کے حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔ گزشتہ سال تیان جن شہر میں ایک کیمیکل ویئر ہاوس میں ہونے والے ایک دھماکے میں173افراد ہلاک ہوگئے تھے۔اس حادثے کو چین کی تاریخ کے بدترین حادثات میں شمار کیا جاتا ہے۔