کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ جشن آزادی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا میگا فائنل (آج) مورخہ 14 اگست 2016ء بروز اتوار پیپلز اسپورٹس اسٹیڈیم لیاری پر کھیلا جائیگا، شہر کراچی کے اس میگا فٹ بال ایونٹ کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ہونگے جو فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافی اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرینگے۔ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 5لاکھ ،رنر اپ ٹیم کو 3لاکھ اور بہترین پلیئر اور گول کیپر کو 25،25ہزار روپے بطور انعام دیئے جائیں گے ۔کمشنر کراچی اعجا ز احمد کی قیادت میں کراچی انتظامیہ نے اس میگا فٹ بال ایونٹ کے فائنل کے حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہے جبکہ ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن سائوتھ نے وزیر اعلیٰ سندھ کی لیاری آمد پر اُنکا شاندار و پرتباک استقبال کرنے کی تیاریاں کی ہیں۔
شاہراہوں پر سندھ کے وزیر اعلیٰ کے استقبال کے لئے خیر مقدمی بینرز ،قومی پرچموں اور برقی قمقموں کے ساتھ خوبصورتی سے سجایا گیا ہے ۔آج ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل معرکہ چار معروف ٹیمیوں کے درمیان کھیلا گیا ۔پہلے سیمی فائنل مقابلے میں لیاری کی معروف ٹیم لیاری لیبر ویلفیئر سینٹر فٹ بال کلب نے مقد مقابل قدیم ترین ٹیم صابر اسپورٹس کو 1-0سے مات دیکر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا کھیل کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں بے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملوں کا آغاز کیا پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا جبکہ دوسرے ہاف میں بھی زبردت حملوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں لیاری لیبر ویلفیئر سینٹر فٹ بال کلب کے اسٹار فارورڈ یعقوب نے کھیل کے 56ویں منٹ میں گول اسکور کیا بعد میں کوششوں کے باوجود کوئی بھی ٹیم گول اسکور کرنے میں ناکام رہی ۔دوسرے سیمی فائنل میں شہر کراچی کی معروف ٹیم حیدر بلوچ نے ٹورنامنٹ کی فیوریٹ ٹیم کلر اسٹار کو پنالٹی ککس پر شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کرلی دوران کھیل دلچسپ مقابلہ ہوا دونوں ٹیمیں باوجود کوششوں کے گول کرنے میں کامیابی حاصل نہ کرسکی تاہم پنالٹی ککس پر حیدری بلوچ نے کلری اسٹار کو 5-3سے آئوٹ کلاس کر دیا۔