رنگا رنگ تقریب میں جشن آزادی پیس اسپورٹس فیسٹیول کا واحد اسپورٹس شوٹنگ بال کمپلیکس کورنگی پر انعقاد

Independence Day, Peace Sports Festival

Independence Day, Peace Sports Festival

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیس ایمبسیڈر ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام 61 ونگ عبداللہ شاہ غازی رینجرز سندھ کے اشتراک سے واحد اسپورٹس گرائونڈ کورنگی میں جشن آزادی کے حوالے سے رنگا رنگ اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ۔فیسٹیول میں شوٹنگ بال اور کرکٹ ٹورنامنٹ کے علاوہ مارشل آرٹ کا شاندار مظاہرہ پیش کیا گیا ۔فیسٹیول میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور تفریحی تقریبات سے لطف اندوز ہوئے اس موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سیکنڈ ان ونگ کمانڈر عنایت اللہ درانی نے کہاکہ کھیل کے ذریعے دہشت گردی ،لاقانونیت اور منفی سرگرمیوں کا خاتمہ کرکے مثالی معاشرہ قائم کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے عوام کو یقین دلا یا کہ رینجرز عوام کو پر امن ماحول کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے عوام سے اپیل کی کہ وہ شہر میں قیام امن اور منفی سرگرمیوں کے خاتمے کے لئے رینجرز سمیت سیکورٹی اداروں کا ساتھ دیں اس موقع پر نیشنل بنک کے اسپورٹس کنسلٹنٹ حاجی غلام محمد خان،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن بلدیہ کورنگی محمد ارشد،کے ڈی آفیسر کلب کے اسپورٹس سیکریٹری ایم نسیم ،نیشنل بنک کے پبلک ریلیشن آفیسر عظمت اللہ خان ،PMCFکے صدر شہزاد احمد ،سوشل ویلفیئر آفیسر ثمینہ سومرو ،حامدہ صدیقی ،ڈاکٹر محمد زادہ ،مسکین شاہ ،اعجاز احمد ،کک باکسنگ کے راجہ غضنفر ،شوتو کان کراٹے کے عبدالمننا ن سلیم ،کیو کشن کے سید اشرف علی ،خورشید احمدسموں اور ITFتائیکوانڈو کے ناظم برکت علی جوڈو کے سیکریٹری رفیق اور کنزہ بلوچ بھی موجود تھیں۔قبل ازیں شوٹنگ بال ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے فائنل معرکے میں پاک پی ڈبلیو ڈی نے رضوان انڈسٹریز شوٹنگ بال کلب کو 2-0سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

جبکہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل سی ایف سی کرکٹ اکیڈمی نے راشد لطیف کرکٹ اکیڈمی کو 10رنز سے شکست دیدیا ،سی ایف سی کرکٹ اکیڈمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اورز میں 178رنز اسکور کئے جواب میں راشد لطیف کرکٹ اکیڈمی کی ٹیم 18.3اورز میں 168رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی،بعد ازاں مارشل آرٹ اور کراٹے کا شاندار مظاہرہ کیا گیا اس موقع پر ننھی اور ہونہار طالبہ کنیز فاطمہ زیب نے اپنی تقریر کے ذریعے عوام کا خون گرما دیا جس پر عوام نے قومی جذبے کے ساتھ تقریر پر ننھی طالبہ کو بھر پور داد دی۔