اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی دارالحکومت کے کنونشن سنٹر میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کا اہتمام کیا گیا ، صدر مملکت ممنون حسین ، وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ، مسلح افواج کے سربراہان اور اراکین پارلیمنٹ کے علاوہ وفاقی کابینہ کے اراکین نے بھی شرکت کی ۔ صدر ممنون حسین نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ آج کے دن ہم سب کو اس دعا میں شریک ہونا ہوگا کہ ہمارا قومی پرچم اسی شان و شوکت سے سربلند رہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں کوئٹہ میں ہونے والے سانحے نے ہمیں غمزدہ کردیا ، پوری قوم کے دل غم سے چھلنی ہیں ، غمزدہ خاندان کے افراد مایوس نہ ہوں ، ہم ان کے اہلخانہ کے لہو کا حساب لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ضرب عضب کامیابی کی جانب گامزن ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردوں کا قلع قمع کر دیا ۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونے والوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ۔ میں قوم سے امید کرتا ہوں کہ وہ اس ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔