مہمند ایجنسی (بیورو رپورٹ) مہمند ایجنسی ، پاک افغان سرحدی علاقہ تور خیل میں پاک فوج ، پولیٹیکل انتظامیہ اور قومی مشران کا مشترکہ جشن آزادی تقریب۔ سکول کے بچوں نے ملی نغمے گائے۔ ملک کی سلامتی اور امن کیلئے پاک فوج اور پولیٹیکل انتظامیہ کے شانہ بشانہ ہونگے، عمائدین۔ ریلی اور کرکٹ میچ کا انعقاد۔ طلباء اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کی گئی۔ پاک فوج کی طرف سے عمائدین اور شرکاء کیلئے ظہرانہ دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی بائیزئی سب ڈویژن کے پاک افغان سرحدی علاقے تور خیل میں 13 اگست بروز ہفتہ پاک فوج کے 14 این ایل آئی، پولیٹیکل انتظامیہ اور قبائلی عمائدین کا مشترکہ جشن آزادی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ بائیزئی پیر عبداللہ شاہ، پاک فوج کے آفسران قبائلی مشران اور مقامی قبائل نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے آغاز میں علاقے کے واحد پرائمری سکول شندرہ کے طلباء نے قومی ترانہ پیش کیا اور حکام نے سلامی دی۔ تقریب میں عمائدین علاقہ حاجی زرجان عیسیٰ خیل، ملک مسکین، ملک صنوبر اور دیگر نے علاقے میں امن بحال کرنے میں پاک فوج اور ترقیاتی عمل شروع کرنے پر پولیٹیکل انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔
اور عزم کا اظہار کیا کہ سرحدی علاقے میں امن و امان بحال رکھنے میں پاک فوج کے شانہ بشانہ ہونگے اور ملک کی بقاء کی خاطر جانی و مالی قربانیوں سے دریغ نہیں کرینگے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے پی اے پیر عبداللہ شاہ اور سیکورٹی حکام نے قبائلی عوام کی ملک اور قوم کیلئے بیش قیمت جانی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ اور سانحہ کوئٹہ کے شہداء کیلئے خصوصی دعا مانگی گئی۔ بعدمیں مقامی جوانوں کی ریلی اور کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد ہوا۔ کھلاڑیوں اور طلباء میں پیر عبداللہ شاہ اور پاک فوج کے آفیسرز نے انعقامات تقسیم کئے۔ علاوہ ازیں تحصیل خویزئی میں شام کو سابق سنیٹر حاجی عبدالرحمن فقیر کے حجرے میں جشن آزادی کی آتش بازی ہوئی جس میں سرکاری آفسران اور مقامی عمائدین شریک ہوئے۔