یمن (جیوڈیسک) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز غیرملکی نجی دورے کے اختتام کے بعد گذشتہ روز وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے ایک نئے فرمان میں یمن کی جنگ میں حصہ لینے والے فوجیوں کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے جاری کردہ ایک شاہی فرمان میں کہا گیا ہے کہ یمن میں ’’فیصلہ کن طوفان‘‘ اور ’’بحالی امید‘‘ آپریشن میں حصہ لینے والے محکمہ دفاع، دفاع اور نیشنل سیکیورٹی کے ان تمام اہلکاروں کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ ادا کی جائے، جو ملک و ملت کے لیے قربانیاں پیش کررہے ہیں۔
قبل ازیں شاہ سلمان اپنے غیرملکی نجی دورے کے اختتام کے بعد واپس سعودی عرب پہنچے تھے۔ شاہ سلمان مراکش کے شہر طنجہ میں چھٹیاں گذارنے گئے تھے، جہاں سے وہ گذشتہ روز واپس جدہ پہنچے۔