کائی کی بدولت فضا میں آکسیجن کی مقدار بڑھی، ماہرین

Mossesx

Mossesx

ایکسیٹر: ماہرین کی ایک بین الاقوامی ٹیم نے انکشاف کیا ہے کہ زمینی فضا میں آکسیجن کی مقدار بڑھ کر موجودہ سطح تک پہنچانے کی ذمہ داری شاید کائی جیسے اُن معمولی پودوں پر رہی ہوگی جو آج سے تقریباً 47 کروڑ سال پہلے خشکی پر وجود میں آئے ہوں گے۔

یہ دریافت اس لحاظ سے اہم ہے کیونکہ اس میں ایک طرف تو زمینی فضا میں آکسیجن کی موجودہ مقدار کا معمہ حل کیا گیا ہے تو دوسری جانب کائی کی سب سے پرانی اقسام کو تقریباً 47 کروڑ سال قدیم بھی ثابت کیا گیا ہے۔
ارضیاتی تاریخ میں 2 مواقع ایسے گزرے ہیں جب زمینی فضا میں آکسیجن کا تیزرفتار اضافہ مشاہدے میں آیا۔ ان میں سے پہلا موقعہ ’’عظیم آکسیجن پذیری کا واقعہ‘‘ (گریٹ آکسیڈیشن ایونٹ) آج سے تقریباً 2 ارب 40 کروڑ سال پہلے ہوا تھا جسے سمندر میں پودوں کی غیرمعمولی طور پر زیادہ مقدار کا نتیجہ قرار دیا جاتا ہے۔ لیکن ماہرین نے اندازہ لگایا ہے کہ تب بھی زمینی فضائی آکسیجن میں جتنا اضافہ ہوا وہ اتنا نہیں رہا ہوگا کہ ہوا میں آکسیجن کی مقدار موجودہ سطح تک پہنچ پاتی۔

اب تک کے بہترین اندازوں کے مطابق زمینی فضا میں آکسیجن کا دوسرا نمایاں ترین اضافہ آج سے لگ بھگ 40 کروڑ سال پہلے ہوا تھا جس کے باعث کرہ ہوائی میں آکسیجن کی مقدار اپنے موجودہ تناسب پر پہنچ گئی۔ زمینی فضا (کرہ ہوائی) میں آکسیجن کی مقدار کم و بیش 21 فیصد ہے۔ اس طرح یہ ہوا میں دوسری سب سے زیادہ پائی جانے والی گیس بھی ہے۔ پہلا نمبر نائٹروجن کا ہے جو ہمارے کرہ ہوائی کا 78 فیصد حصہ بناتی ہے لیکن اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا تھا کہ آخر ایسا ہوا کیوں تھا۔

برطانیہ کی یونیورسٹی آف ایکسیٹر کے ماہرین پر مشتمل ٹیم نے اس کی ایک ممکنہ وجہ دریافت کرلی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ زمینی فضا میں آکسیجن کا دوسرا اضافہ خشکی پر پیدا ہونے والے اولین پودوں کے باعث ہوا ہوگا جو آج سے لگ بھگ 47 کروڑ سال پہلے وجود میں آئے تھے اور جن میں کائی کے ارتقائی آبا و اجداد (evolutionary ancestors) بھی شامل تھے۔ یہ دعویٰ ایک محتاط کمپیوٹر سمیولیشن کی بنیاد پر کیا گیا ہے جس میں قدیم زمینی ماحول سے متعلق تمام تر دستیاب معلومات شامل کی گئی تھیں۔

خشکی پروجود میں آنے والے اولین پودے انتہائی معمولی نوعیت کے تھے جنہیں بجا طور پر موجودہ کائی کے ارتقائی آبا و اجداد بھی قرار دیا جاسکتا ہے۔ جانچ کاری کے پہلے مرحلے میں یہ فرض کیا گیا کہ تقریباً 45 کروڑ سال پہلے کے وجود میں آنے اور ارتقاء کے مراحل طے کرنے کی وجہ سے فضا میں آکسیجن کی مقدار 30 فیصد جتنی بڑھی ہوگی، اور اتنی ہوگئی ہوگی کہ جتنی آج ہے۔ جب اس سمیولیشن میں جدید کائی کی خصوصیات بھی شامل کی گئی تو انکشاف ہوا کہ فضائی آکسیجن کی موجودہ مقدار (ان ہی پودوں کے باعث) 42 کروڑ سے 40 کروڑ سال پہلے تک حاصل کرلی گئی ہوگی، جس کے بعد یہ تقریباً مستقل ہوکر رہ گئی۔