ماسکو (جیوڈیسک) روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے بدھ کے روز کہا ہے کہ یہ امر بالکل بے بنیاد ہے کہ روسی طیاروں کی ایران سے اڑان کے ذریعے شام میں بم باری سے متعلق ماسکو کا فیصلہ، سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران سے روسی طیاروں کی اڑان درحقیقت انسداد دہشت گردی کے لیے کرملین کی کارروائی کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کوئی طیارہ تہران منتقل نہیں کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ قرار داد 2231 کے تحت ایران کو کسی بھی قسم کا لڑاکا طیارہ فراہم کرنا ، فروخت کرنا یا منتقل کرنا ممنوع ہے۔ امریکا نے منگل کے روز کہا تھا کہ وہ اس بات کی تحقیق کرے گا کہ آیا روسی ضربوں سے سلامتی کونسل کی قرارداد کی خلاف ورزی تو نہیں ہوئی۔
ایران میں ہمدان کے فضائی اڈے پر موجود روس کے “سوخوی-34” طیاروں نے بدھ کو بھی مسلسل دوسرے روز شام میں داعش تنظیم کے ٹھکانوں پر حملے کیے۔