کراچی (جیوڈیسک) پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان نے آئرلینڈ کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 255 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
شرجیل خان نے 152 رنزکی دھواں دار اننگز کھیلی حالانکہ خراب موسم کے باعث میچ 47، 47 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔
ڈبلن میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور صرف 17 کے مجموعی اسکورپر کپتان اظہر علی صرف ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد شرجیل خان اور محمد حفیظ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 90 رنز بناکر ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالا، اس موقع پر حفیظ 37 رنز کی اننگز کھیل کرآؤٹ ہوگئے۔
شرجیل خان نے دوسرے اینڈ کو سنبھالے رکھا اور آئرش بولر کی جم کر دھلائی کی۔ وکٹ کے چاروں طرف دلکش اسٹروک کھیلے اور ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنی پہلی سنچری اسکور کی۔ شرجیل خان نے 86گیندوں پر 9چھکوں اور 16 چوکوں کی مدد سے 152رنز بنائے۔
بابر اعظم 29 اورسرفراز احمد صرف 2 رنز بناسکے۔ شعیب ملک اور محمد نواز نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 105رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 332 رنز تک پہنچادیا، محمد نواز نے کیریئر کے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں نصف سنچری بنائی، وہ 53 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
شعیب ملک نے 37گیندوں پر2 چھکوں اور6 چوکوں کی مدد سے 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، یوں پاکستان نے مقررہ 47 اوورز میں 337 رنز بناکر آئرلینڈ کو جیت کیلئے ایک مشکل ہدف دیا۔
آئرلینڈ کی طرف سے مک کارتھی نے 4 جبکہ مورتاگ اور چیس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
338 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئرلیڈ کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا ، محمد عامر نے صفر پر اسٹرلنگ کو کلین بولڈ کردیا، پاکستان کے بولنگ اٹیک کے سامنے آئرش ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوارثابت ہوئی اوروکٹیں گرنے کانہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔
کوئی بھی بیٹسمین پاکستانی بولرز کے خلاف مزاحمت نہ کرسکا اور پوری ٹیم صرف 82 پر ڈھیرہوگئی، یوں پاکستان نے 255رنز کے بڑے فرق کے ساتھ پہلا ون ڈے اپنے نام کرلیا۔
نیوزی لینڈ کے صرف چار بیٹسمین دوہرے ہندے میں اسکور کرسکے، ولسن نے سب سے زیادہ 21 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے عماد وسیم نے 5، عمرگل نے 3 جبکہ محمد عامر اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسرا ون ڈے اسی گراؤنڈ پر 20 اگست کو کھیلا جائے گا۔