گجرات کی خبریں 21/8/2016

GPI

GPI

گجرات (جی پی آئی) وحدت اسلامیہ ضلع گجرات کے زیر اہتمام جامعہ قادریہ احسن المراتب گجرات میں استاد العلماء امام المناظرین سید المحدثین حضرت علامہ مولانا پیر السید محمد مراتب علی شاہ رحمتہ اللہ علیہ آستانہ عالیہ سلہوکے شریف کے درجات کی بلندی کیلئے ایک عظیم الشان روح پرور محفل منعقد ہوئی۔ محفل پاک کی صدارت جگر گوشہ استاذ العلماء حضرت صاحبزادہ پیر سید حسن رضا شاہ مدنی سجادہ نشین آستانہ عالیہ سلہوکے شریف نے کی۔ جبکہ عالم مبلغ اسلام حضرت علامہ مولانا مفتی محمد انصر القادری کی زیر نگرانی محفل ہوئی۔ محفل سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ پیر سید حسن رضا شاہ مدنی نے کہا کہ والد محترم سید مراتب علی شاہ رحمتہ اللہ علیہ نے ساری زندگی باطل کی مخالفت کی اور کبھی دشمنان اسلام سے ہاتھ نہ ملایا۔ انہوں نے دین کا جھنڈا بلند کئے رکھا اور کبھی چندہ نہ لیا اور ہمیشہ نہ لینے کا درس دیا۔ ہمیشہ سادہ زندگی بسر کی۔ درس و تدریس کو پسند کیا اور اس کا ہی درس دیا۔ آپ کے شاگردوں میں حافظ محمد شفیع اوکاڑوی’ مولانا حافظ ظہور احمد’ مفتی غلام احمد’ مفتی انصر القادری’ علامہ رانا عرفان قادری اور علامہ شاہد چشتی نمایاں ہیں۔ حضرت علامہ مفتی محمد انصر القادری نے کہا کہ پیر و مرشد نے اپنے شاگردوں کو اپنے بیٹوں کی طرح رکھا اور بیٹوں کی طرح پڑھایا۔ دینی علوم کے ساتھ ساتھ باطنی خزانوں سے بھی فیض یاب فرمایا۔ حضرت علامہ رانا عرفان قادری نے کہا کہ سید تو روز پیدا ہوتے رہتے ہیں لیکن پیر سید مراتب علی شاہ رحمتہ اللہ علیہ جیسی ہستیاں صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں۔ حضرت علامہ قاری شاہد چشتی نے کہا کہ سید مراتب علی شاہ کی اسلام کیلئے خدمات رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی۔ محفل پاک میں پروفیسر علامہ محمد عظیم قادری’ حکیم افتخار احمد نورانی ‘ سید عقیل بن اسد’ علامہ ضیاء اللہ قادری’ صاحبزادہ محسن رضا نعیمی’ حضرت علامہ قاری محمد طیب القادری’ ملک وقار احمد’ محمد عمران شاہد قادری’ شیخ ثمین قادری’ ڈاکٹر محمد عنصر’ ڈاکٹر محمد شعیب قادری’ محمد شاہد قادری’ سید قلب عباس شاہ’ مہر عبدالنوید’ مہر محمد ریاض’ حافظ ثمروز علی و دیگر شامل تھے۔ قبل ازیں محمد عمران چشتی نے نقابت کے فرائض سرانجام دئیے۔ جبکہ سید افتخار حسین شاہ اور حاجی مظہر حسین نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ آخر میں صاحبزادہ پیر سید حسن رضا شاہ مدنی نے خصوصی دعائیں کیں۔ محفل میں شریک تمام فرزندان اسلام کو بٹھا کر لنگر شریف کھلایا گیا۔
……………………………
گجرات(جی پی آئی) بچوں میں آزادی کے بارے میں شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انچارج ایلیٹ فورس ڈسٹرکٹ گجرات ضیغم ثناء وڑائچ نے گزشتہ روز دی ایگزا سکول گجرات میں یوم آزادی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل میں آگے بڑھنے کا جذبہ موجود ہے مگر ہمیں ان میں شعور بیدارکرنا ہو گا۔ جب تک عوام میں شعور بیدار نہ ہو قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ چیئرمین چیف منسٹر یوتھ جیزان ڈار نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق نوجوانوں کی ترقی کیلئے کام کر رہے ہیں اور تمام سرکاری اداروں کا دورہ کروں گا اور سکولوں کے مسائل کے حل کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے۔ دی ایگزا سکول کی کاوشیں دیکھ کر دلی خوشی ہوئی ہے۔ جس طرح بچوں کو آگے بڑھنے اور وطن سے محبت کا درس دیا جا رہا ہے یہ قابل تحسین ہے۔ اور ہم دی ایگزا سکول انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں ۔ اس موقع پر دی ایگزا سکول کے ہونہار بچوں نے ٹیبلو خاکے وغیرہ پیش کئے اور وطن سے محبت کا اظہار کیا۔ مہمان گرامی نے طلبہ کی کاوشوں کو بے حد سراہا۔
……………………………
گجرات(جی پی آئی) المیزان پبلک سکول کی شاندار کارکردگی PEF کے امتحانات میں ضلع گجرات میں مجموعی طور پر پہلی پوزیشن ۔ چیئرمین المیزان پبلک سکول صاحبزادہ حکیم جواد الرحمن نظامی سیفی کی سرپرستی میں یہ سکول مستحق اور ہونہار طلبہ کے لئے کام کر رہا ہے۔ پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے تحت ہونیوالے امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا۔ گزشتہ روز سکول کے تمام طلبہ اور انکے والدین کے اعزاز میں صاحبزادہ حکیم جواد الرحمن نظامی سیفی کی طرف سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے مہمان خصوصی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت الحاج منور بٹ تھے۔ مہمانوں کا استقبال شاندار انداز میں کیا گیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے منور حسین بٹ نے کہا کہ حکیم جواد الرحمن نظامی سیفی کی کاوشیں قابل تحسین ہیں کہ وہ بچوں کی تعلیم و تربیت کا فریضہ احسن طریقہ سے سرانجام دے رہے ہیں۔ اور ہماری دعا ہے کہ یہ بچے دنیا و آخرت میں کامیابی سے ہمکنار ہوں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ حکیم جواد الرحمن نظامی سیفی نے کہا کہ اساتذہ کی محنت اور کاوشوں کے نتیجہ میں نہ صرف پیف کے امتحانات میں شاندار پوزیشن کا مظاہرہ کیا گیا بلکہ میٹرک کے امتحانات میں بھی ہمارے طلبہ و طالبات کی کاوشیں بہترین رہیں۔ اور جماعت دہم اور نہم کے نتائج 100 فیصد رہے۔ ہم اس کاوش کو بہتر طریقہ سے جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر تمام طلبہ ‘ سٹاف اور والدین کو بٹھا کر کھانا کھلایا گیا۔
……………………………
گجرات(جی پی آئی) ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ کھیلوں کا فروغ اور نوجوان نسل کی بہتری ہماری اولین ترجیح ہے۔ اور نوجوانوں کو ہمیشہ کی طرح بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ وہ گزشتہ روز ظہور الٰہی اسٹیڈیم گجرات میں منعقدہ دوسرے سالانہ شہباز شریف فلڈ لائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ یہ ٹورنامنٹ کٹھالہ چناب کی ٹیم نے جیت لیا۔ جبکہ دوسری پوزیشن لکی بٹ الیون نے حاصل کی۔ ڈی سی او گجرات نے کہا کہ میں ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی اور انکی انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے دن رات شبانہ روز محنت کی۔ اور یہ ٹورنامنٹ کامیاب ہوا۔ میں تمام انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ اس موقع پر بمبر پرائز گجرات سوزوکی موٹر سائیکل کی طرف سے 125cc جبکہ سیکنڈ پرائز ہنڈا سی ڈی 70 دیا گیا۔ اور خصوصی انعامات LED دئیے گئے۔ اس موقع پر لاکھوں روپے کے انعامات اور شیلڈز آرگنائزرز اور مہمانوں کو دئیے گئے۔ ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ اور تمام انتظامیہ نے ٹورنامنٹ کو بے حد سراہا۔ مہمان گرامی میں ADCG عرفان علی کاٹھیا’ سیٹھ قمر خورشید صراف’ شیخ شاہد انور’ طارق جاوید چوہدری’ مہر عثمان شاری’ مہر عامر فاران’ حاجی محمد ریاض’ علی حسن چاندی’ غلام محی الدین خورشید فین’ سید نوید الحسن شاہ’ وقاص احمد’ خالد کے کے’ ملک شفقت اعوان’ اعجاز شاکر ‘ ڈاکٹر رزاق احمد غفاری ‘ چوہدری حمزہ و دیگر اہم شخصیات شریک تھیں۔
……………………………
گجرات(جی پی آئی) ڈی پی او گجرات سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ امن وامان کے قیام کیلئے علماء کرام سے تعاون کی خواستگار ہے اور ہمیشہ علماء کرام کے تعاون سے امن و امان قائم رہتا ہے۔ وہ گزشتہ روز اپنے دفتر میں اہل تشیع کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اہل تشیع گجرات کی کاوشیں قابل تحسین ہیں جس طرح گجرات کے امن وامان کے قیام میں گجرات کی انتظامیہ کوشاں رہتی ہے وہیں پر علمائے کرام کی کاوشیں بھی ہمیشہ نمایاں رہی ہیں اس موقع پر گجرات کی اہل تشیع برادری نے مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ جن پر ڈی پی او گجرات نے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وفدکی قیادت چوہدری منظور حسین وڑائچ نے کی۔ چوہدری منظور وڑائچ نے کہا کہ اہل تشیع برادری نے ہمیشہ انتظامیہ کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ وفد میں پروفیسر سرفراز حسین جعفری’ سید الطاف عباس کاظمی ‘ علامہ محمد اصغر یزدانی’ علامہ سید ناظم حسین جعفری’ علامہ سید ذاکر حسین نقوی’ مولانا مہدی حسن’ سید چن پیر شاہ ‘ سید شفقت نقوی ایڈووکیٹ’ سید وسیم حیدر شاہ ایڈووکیٹ’ و دیگر شامل تھے۔
……………………………
گجرات(جی پی آئی) سروس ہائی سکول گجرات کے عظیم الشان جناح گراؤنڈ میں تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی۔جس میں جماعت دہم میںبورڈآف انٹرمیڈیٹ گوجرانوالہ سے نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباء کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی، اس تقریب کے مہمانان خصوصی چوہدری غلام محمد صاحب جنرل مینجر سروس انڈسٹری لمیٹڈ گجرات تھے۔ جبکہ تقریب کی صدارت کے فرائض سکول کے چیئرمین چوہدری عبدالسلام صاحب نے سرانجام دیئے۔ سکول کے پرنسپل ماہر تعلیم سید مشتاق شاہ صاحب ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ سکول کے ہشتم کے طلباء نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور طلباء نے کھڑے ہو کر بھرپور طریقے سے مہمانوں کا استقبال کیا۔ تمام مہمان اور سکول کے اساتذہ کرام سٹیج پر تشریف فرما ہوئے۔ پروگرام میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض سکول کی تقریبات کے انچارج مبارک حسین گلشاد نے ادا کئے۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت جماعت دہم الف کے طالب علم محمد عمر نے حاصل کی۔ جس نے سورة الرحمٰن بڑی خوش الحانی سے پڑھی۔ جس میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے، ”تم اپنے رب کی کون کونسی نعمتوں کو جھٹلاؤ گے”جماعت نہم (ب) کے طالب علم حسیب احمد نے بارگاہ رسالت ۖ میں ہدیۂ عقیدت بڑی خوش الحانی سے پیش کیا۔ اس کے بعد سکول میں اول آنے والے طالب علم فرقان غضنفر نے محنت کی برکتوں کے عنوان سے خطاب کیا۔ اور اساتذہ کرام سروس ہائی سکول نے ارباب اختیار سروس انڈسٹری لمیٹڈ گجرات کا شکریہ ادا کیا۔ جنہوں نے ہمیشہ ہماری سرپرستی کی اورحوصلہ افزائی فرمائی ۔اور ہمیں یہ عظیم مقام دیکھنے کو ملا، پرنسپل نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اپنی مصروفیات کے باوجود اس تقریب میں تشریف لائے۔ تقسیم اعزازات کا مرحلہ شروع ہوا تو جناب جی ایم نے سکول میں 943 نمبر حاصل کرنے والے طالب علم عدنان غضنفر کو گولڈن ہار پہنایااور پانچ ہزار روپے دیئے۔ چوہدری عبدالسلام صاحب نے سکول میں 918 نمبر حاصل کرنے والے طالب علم عدنان خالد کو اپنے دست مبارک سے چار ہزار روپے نقد اور سلور ہار پہنایا۔ سکول میں 814 نمبر حاصل کرنے والے طالب علم عثمان اسلم کو جناب پرنسپل نے تین ہزار روپے نقد اور سلور ہار پہنایا، فوٹو گرافر کے فرائض جماعت دہم کے طالب علم احمد خالد اور نعمان طارق نے ادا کیے، مہمان ذی وقار غلام محمد صاحب جی ایم سروس انڈسٹری نے طلباء کو محنت اور سخت محنت کرنے کی تلقین فرمائی۔ پروگرام کے اختتام پر قاری محمد الیاس نے دعا فرمائی اور تمام طلباء نے قومی ترانہ پڑھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) سوک کلاں روڈ کی از سر نو تعمیر کر دی گی ہے ، شادمان سیوریج لائن کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے آئندہ ہفتے تک منصوبے کی تکمیل سے علاقہ میں سیوریج کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے سوک کلاںروڈ اور شادمان سیوریج منصوبے کے معائنہ کے موقع پر کیا،ایکسئین پبلک ہیلتھ بشیر احمد بھٹی ، چیئرمین یونین کونسل چوہدری اشرف ریحانیہ، چوہدری اظہر حسین اور اہل علاقہ بھی موجود تھے۔ سوک کلاں روڈ کی تعمیر ڈسٹرکٹ روڈز ڈیپارٹمنٹ نے کی تھی تاہم ناقص میٹریل کی شکایت پر ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ موقع پر پہنچ گئے اور 15دن میں سڑک کی دوبارہ تعمیر کا حکم دے دیا۔ گذشتہ روز ڈی سی او نے دوبارہ منصوبے کا دورہ کیا اور سڑک کی تعمیر کیلئے استعمال ہونیوالے میٹریل کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ دریں اثنا شادمان سیوریج کے معائنہ کے موقع پر ایکسئین پبلک ہیلتھ بشیر احمد بھٹی نے بریفنگ دی۔ انہوںنے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے علاقہ میں سیوریج کا دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق ضلع میں ہسپتال ڈے منایا گیا ، ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ تمام دن سرکاری ہسپتالوں میں موجود رہے ایمرجنسی وارڈ ، سرجیکل وارڈ، آئی وارڈ، میڈیکل وارڈ سمیت مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں سے سہولیات کے بارے میں دریافت کیا، پرنسپل نواز شریف میڈیکل کالج ڈاکٹر ظفر اقبال گل، ایم ایس عزیز بھٹی شہید ہسپتال ڈاکٹر شیر علی نیازی، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر الطاف ، ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد علی مفتی، صدر پی ایم اے ڈاکٹر زاہد مقصود، ایم ایس میجر شبیر شریف شہید ہسپتال ڈاکٹر عابد غوری، ایم ایس سول ہسپتال کھاریاں ڈاکٹر فاروق بنگش، ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال سرائے عالمگیر بھی انکے ہمراہ تھے ۔ ہسپتال ڈے کے موقع پر ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ علی الصبح عزیز بھٹی شہید ہسپتال پہنچے اور 3گھنٹے تک وہاں موجود رہے، ڈی سی او نے کائونٹر پر کھڑے ہوکر مریضوں کو پرچیوں کے اجراء کی نگرانی کرتے رہے ، بعد ازاں انہوںنے ایم ایس آفس آنیوالے سائلین سے انکے مسائل دریافت کئے اور انکے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ عزیز بھٹی شہید ہسپتال کی مختلف وارڈز کے معائنہ کے موقع پر ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے مریضوں سے وارڈز میں فراہم کی جانیوالی سہولیات بارے دریافت کیا، مریضوں نے ڈی سی او کو بتایا کہ انہیں تمام ادویات ہسپتال سے ہی فراہم کی جارہی ہیں جبکہ اے سی بھی چالو ہیں۔ انہوںنے ایم ایس کو ہدایت کی کہ حکومتی پالیسی کے مطابق وارڈ میں زیر علاج مریض کے ساتھ صرف ایک ہی تیماردار رہنا چاہیے۔ انہوںنے ہدایت کی کہ ہسپتا ل کی سکیورٹی کیلئے پولیس ملازمین کے ساتھ ہسپتال انتظامیہ اپنی سکیورٹی کے انتظامات بھی کرے۔ انہوںنے بتایا کہ عزیز بھٹی شہید ہسپتال کیلئے 70ملین روپے لاگت سے جدید طبی آلات کی خریداری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ طبی آلات کو فنکشنل رکھنے کیلئے بھی بھرپور توجہ دی جاررہی ہے۔ ڈی سی او نے ایم ایس ڈاکٹر شیر علی نیازی کی نشاندہی پر سی ٹی سکین مشین کی فوری مرمت کی ہدایت کی۔ ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کے دورہ کے موقع پر ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہوںنے میجر شبیر شریف ہسپتال کنجاہ میں آئی وارڈ کے لئے 40لاکھ روپے مالیتی اور شعبہ ڈینٹل کیلئے بھی قیمتی ایکسرے مشین متعلقہ ڈاکٹرز کے حوالے کی ۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ٹی ایچ کیو کھاریاں میں مریضوں کیلئے سہولیات میں واضع بہتری آئی ہے۔ انہوںنے ہدایت کی کہ ای ڈی او ہیلتھ سول ہسپتال لالہ موسیٰ کو فوری فنکشنل کریں تاکہ شہری یہاں فراہم کی جانیوالی طبی سہولیات سے استفاد ہ کر سکیں۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ٹی ایچ کیو سرائے عالمگیر کے دورہ کے موقع پر شہریوں کو فراہم کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا اور کہا کہ یہ ادارہ تحصیل ہیڈ کوارٹرز سرائے عالمگیر اور ملحقہ علاقوں کے مکینوں کیلئے نعمت سے کم نہیں ۔ ڈی سی اولیاقت علی چٹھہ نے ڈی ایچ او کو ہدایت کی کہ عزیز بھٹی شہید ہسپتال، ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کے بعد اب آر ایچ سی اور بی ایچ یوز کی کارکردگی بہتر بنانے پر فوکس کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) ڈی سی اولیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ عیدالضحیٰ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر قربانی کے جانوروں کی کھالیں اکٹھی کرنے پر پابندی ہوگی، کالعدم تنظیموں کو بھی ہرگز قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی سی او نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق قر بانی کے جانوروں کی کھالیں اکٹھی کرنیوالے افراد، تنظیموں یا اداروں کو اس مقصد کیلئے ضلعی انتظامیہ کو تحریری درخواست دینا ہوگی اجازت کے بغیر قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنیوالوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کوئی بھی فرد یا ادارے کو کھالیں دینے کیلئے لوگوں کو قائل کرنے کیلئے لائوڈ سپیکر استعمال نہیں کر سکتا۔ انہوںنے کھالوںکی خرید و فروخت کا کاروبار کرنیوالے کاروباری افراد کو ہدایت کی کہ صرف ایسے اداروں یا افراد سے کھالیں خریدیں جن کے پاس کھالیں اکٹھی کرنے کا این او سی ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی) گورنمنٹ سلو لرنرز ہائی سکول علی پورہ روڈ میں زیر تعلیم طلبہ کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، طلبہ کی پک اینڈ ڈراپ کیلئے مزید ایک گاڑی کرایہ پر حاصل کی جائے، ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے جلد ویلفئیر کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ادارے کے اچانک دورے کے موقع پر کیا، ڈی او سوشل ویلفیئر چوہدری امجد کلیر، پرنسپل مس بشرا بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے مختلف کلاس رومز میں جاکر طلبہ و طالبات سے بات چیت کی اور انکی تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں دریافت کیا۔ سلولرنرز طلبہ نے ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کو بتایا کہ وہ پولیس ، فوج اور سول سروس کے محکمے جائن کرنا چاہتے ہیں ۔ ایک طالبہ نے بتایا کہ وہ ٹیچر بننا چاہتی ہے جبکہ ایک طالب علم نے وکیل بننے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے پرنسپل کو ہدایت کی کہ فوری طور پر کمروں میں وائٹ واش کرائیں، جہاں ضروری ہے وہاں ٹائلز تبدیل کی جائیں۔ انہوںنے ہدایت کی کہ زیر تعلیم طلبہ کو دو مراحل میں تفریح دی جائے اس دوران وہ سنٹر میں لگی ایل سی ڈی پر کارٹون اور دیگر پسندیدہ پروگرام دیکھیں۔ انہوں نے طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کو سراہا اور پرنسپل کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ضروریات بارے فوری ضلعی حکومت کو آگا ہ کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں(جی پی آئی) گلیانہ روڈ پر واقع بلال سینٹری سٹورپر گذشتہ شب نامعلوم وجوہات کی بناء پر آگ بھڑک اُٹھی،دیکھتے ہی دیکھتے دکان میں موجود تمام اشیاء جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا واقع کی اطلاع ملتے ہی TMAکھاریاں،1122ریسکیو اور کنٹونمنٹ بورڈکھاریاں کی فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے آگ پر قابو پایا گیا،ذرائع کے مطابق دکان کا لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ اس موقع پر مقامی تاجر راہنما عاصم بشیر ککی،چوہدری فرخ علی،گلزار احمد،SHOتھانہ کھاریاںصدر شہباز ہنجرا،انچارج1122راناجمشید علی،لیاقت علی بٹTMAنے امدادی کام میں حصہ لیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں(جی پی آئی) نوجوان کاروباری، سیاسی سماجی شخصیت چوہدری محمد نبیل پیارا ایم ڈی پیارا موبائلز نے کہا ہے کہ 28اگست کو گجرات آمد پر چیئرمین تحریک انصاف پاکستان عمران خان کا فقید المثال اور تاریخی استقبال کریں گے اور مرکزی نائب صدر پاکستان یوتھ ونگ ملک وحید سرور اعوان چیئرمین یوسی بدر مرجان کی قیادت میں بڑے قافلے کے ہمراہ گجرات پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک وحید سرور اعوان یوتھ کی نمائندگی احسن انداز میں کر رہے ہیں کھاریاں کا یوتھ کنونشن ان کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ہم ان کی قیادت میں یوتھ ونگ کو متحد اور مضبوط بنائیں گے اور گجرات کے 28 اگست کے جلسہ میں انہی کی قیادت میں شرکت کریں گے اور اپنے سینکڑوں ساتھیوں کو شامل کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں(جی پی آئی) اپنے قائد عمران خان کی جہلم آمد پر بھرپور استقبال کریں گے اور24اگست کو کرپٹ حکمرانوں کیخلاف آواز حق بلند کریں گے اپنے قائد محبوب قائد عمران خان کا تاریخی استقبال کرنے میں بھرپور کردار کریں گیاور ثابت کریں گے کہ تبدیلی آ چکی ہے 24اگست کا دن ضلع جہلم کی تاریخ کا اہم ترین دن ثابت ہوگا۔ پہلے بھی عمران خان کا تاریخی استقبال کیا گیا تھا اب بھی وہی تاریخ دوبارہ دہرائی جائے گی24اگست کوPTIلاکھوں کارکن اپنے لیڈر عمران خان کا فقیدالمثال اور تاریخی استقبال کریںگے جہلم کی دھرتی کا شاندار استقبال عمران خان کو ہمیشہ یادرہے گا یوتھ ونگ کے نوجوان جلسے کو کامیاب بنائیں گے اور بڑے قافلے گاڑیوں ،موٹرسائیکلوں کی ریلی کی صورت میںجہلم پہنچیںگے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں(جی پی آئی) ہیلتھ ڈے کے موقع پر ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ اور ای ڈی او ہیلتھ گجرات کا سول ہسپتال کھاریاں کا دورہ یہاں پر اے سی ذوالفقار علی باگڑی اور ایم ایس ڈاکٹر فاروق احمد بنگش نے وزٹ کرایا افسران نے ہسپتال کے تمام شعبہ جات کا تفصیلی وزٹ کیا اور ہسپتال کے اندر جاری کاموں کے معیار اور رفتار کا بھی جائزہ لیا۔ ڈاکٹر فاروق احمد چوہدری (صمدآئی کلینک) بھی موجود تھے ڈی سی او اور ای ڈی او نے ڈاکٹر فاروق احمد کی کارکردگی کو بے حد سراہا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں(جی پی آئی) مرکزی جنرل سیکرٹری تحریک تحفظ اسلام پاکستان مولانا اصغر توحیدی نے کہا ہے کہ مودی نے پاکستان کے خلاف زہر اگل پر اپنی اصلیت دنیا کو بتا دی ہے کہ وہ ہمارا اور ملک پاکستان کا کھلا دشمن ہے بلوچستان میں ”رائ” کی کارروائیوں کی بھی تصدیق ہو چکی ہے بنگلہ دیش کی علیحدگی میں بھی انڈین سازش تھی مگر افسوس کہ ہمارے حکمرانوں کو ہوش نہیں آ رہا ان کو پاکستان یا قوم سے کوئی دلچسپی نہیں اپنے کاروباروں کو بچانے کی فکر میں مبتلا ہیں انہوں نے مزید کہا کہ بیس کروڑ عوام حکومتی رویے پر تشویش میں مبتلا ہیں اور ملک کے چپے چپے کا دفاع کرنے کے لئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں مودی کو دندان شکن جواب دینے کا حوصلہ اور ہمت بھی رکھتے ہیں حکمرانوں کو مودی کے بیانات کا سخت نوٹس لینا چاہئے تاکہ آئندہ وہ پاکستان کے خلاف زہر اگلنے کی ہمت نہ کر سکے۔ بلوچستان میں راء کی کارروائیوں کا معاملہ عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اٹھایا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں(جی پی آئی) حضرت پیر ثانی صاحب سید مظہر قیوم مشہدی آستانہ عالیہ بھکھی شریف کا سالانہ عرس آج 21اگست بروز اتوار آستانہ عالیہ بھکھی شریف منڈی بہائوالدین میں ہوگا ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد میں مریدین اور عقیدت مند شریک ہوں گے عرس کی صدارت پیرسید نوید الحسن شاہ مشہدی کریں گے کھاریاں سے علامہ اختر نورانی، علامہ اصغر توحیدی، حافظ لیاقت جلالی کے ہمراہ سینکڑوں مریدین اور عقیدت مند بھی عرس میں شریک ہوں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں(جی پی آئی) نوجوان کاروباری، سیاسی سماجی شخصیت چوہدری محمد نبیل پیارا ایم ڈی پیارا موبائلز نے کہا ہے کہ 28اگست کو گجرات آمد پر چیئرمین تحریک انصاف پاکستان عمران خان کا فقید المثال اور تاریخی استقبال کریں گے اور مرکزی نائب صدر پاکستان یوتھ ونگ ملک وحید سرور اعوان چیئرمین یوسی بدر مرجان کی قیادت میں بڑے قافلے کے ہمراہ گجرات پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک وحید سرور اعوان یوتھ کی نمائندگی احسن انداز میں کر رہے ہیں کھاریاں کا یوتھ کنونشن ان کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ہم ان کی قیادت میں یوتھ ونگ کو متحد اور مضبوط بنائیں گے اور گجرات کے 28 اگست کے جلسہ میں انہی کی قیادت میں شرکت کریں گے اور اپنے سینکڑوں ساتھیوں کو شامل کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں(جی پی آئی) اتفاق ویلفیئر سوسائٹی گولڑہ ہاشم کے زیراہتمام ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ آج مورخہ 21اگست بروز اتوار لگایا جا رہا ہے کیمپ میں ماہر ڈاکٹر فیصل لطیف چوہدری اور لیڈی ڈاکٹر سعدیہ فیصل چوہدری خدمات سرانجام دیں گے کیمپ صبح9بجے شروع ہوگا اور بغیر کسی وقفہ کے شام 5بجے تک جاری رہے گا۔ کیمپ میں فری معائنہ، فری الٹراسائونڈ اور ادویات بھی فراہم کی جائیں گی کیمپ کے انتظامات اتفاق ویلفیئر سوسائٹی کے نوجوان سرانجام دیں گے اس موقع پر معززین علاقہ بھی کیمپ کا وزٹ کریں گے یاد رہے کہ اتفاق ویلفیئر سوسائٹی گولڑہ ہاشم کے زیراہتمام یہ پہلا سالانہ فری میڈیکل کیمپ ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے چمن بارڈر پربھارتی ایجنسیوں اور کٹھ پتلی افغان حکومت کی ایما پر پاکستانی پرچم نذر آتش کرنے ، احتجاج اور نعرے بازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے افغانستان میں کام کرنے والے بھارتی قونصل خانوں کی سازش قراردیا ہے۔ مختلف وفود سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ افغانستا ن کی طر ف سے بارڈر پر شرپسندوں کے احتجاج سے واضح ہوگیا کہ افغانستان حکومت بھارتی ایجنسیوں کے ہاتھو ں بک چکی ہے، چونکہ پختون غیرت مند ہوتا ہے، وہ ڈالروں کے عوض اپنے ضمیر کاسودا نہیں کرتا اور نہ ہی احسان فراموشی کرتا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات رکھے ہیں۔ کسی کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی اور نہ ہی عالمی سطح پر قومی مفادات کو نقصان پہنچایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں جنگ اور بدامنی کی وجہ سے پاکستان نے 40۔ سال تک افغانیوں کی میزبانی کی اور اب تک جاری ہے۔ مگر سرحد پار سے جو سلوک ہمارے سا تھ کیا جارہاہے، افسوسنا ک اور قابل مذمت ہے۔ ایسی احسان فراموشی کی مثال نہیں ملتی۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی کے بلوچستان اور گلگت کے بارے میں ریمارکس اس کے اندر پائے جانے والے خوف کو ظاہر کرتے ہیں۔ اور ایسے بیانات وہ خفت مٹانے اوراپنی عوام کومطمئن کرنے کے لئے دیتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مظفر وانی کی شہادت کے بعد سے بھارت کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں جو نفرت کا لاوا ابل رہا ہے۔ اس سے توجہ ہٹانے کے لئے مودی اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے اور اپنے افغانی ایجنٹو ں کے ذریعے پہلے تخریب کاری کرواتا رہا ہے اور اب ان سے احتجاجی کروانے کا شوق بھی پور ا کررہا ہے، لیکن کشمیریوں کو مزید تسلط میں نہیں رکھ سکتا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی) حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر لاہور نے اپنے طلبا کوعلوم اسلامی کے ساتھ کالج کی سطح کی عصری تعلیم دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جس کے مطابق رواں داخلوں کے ساتھ نئے اور پہلے سے موجود طلبا و طالبات کے لئے ایف اے اور بی اے کے مضامین اضافی پڑھائے جائیں گے۔ جس کے تمام اخراجات حوزہ علمیہ خود برداشت کرے گا ۔جبکہ قیام و طعام سمیت تمام سہولیات انہیں پہلے سے میسر ہیں۔ جامعتہ المنتظر کے پرنسپل آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم کی سہولت سے نوجوان نسل کے لئے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اور مستقبل کے علما کے لئے سیکھنے کے زیادہ مواقع میسر آئیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی) شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے باب دوستی چمن پر افغان شرپسندوں کی طرف سے پاکستانی پرچم نذر آتش کرنے اوربھارتی وزیر اعظم مودی کے بلوچستان اور گلگت کے بارے میں ریمارکس کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان زمینی حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دے تاکہ وہ اپنی آزادی کو حاصل کرسکیں۔ ادھر ادھر کی مارنے سے کشمیر کی آزادی کی تحریک کو دبایا نہیں جاسکے گا۔ کشمیر ی اپنا حق لے کر ہی رہیں گے۔ کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ کشمیریوں نے حق خود ارادیت کے مطالبے کے لئے گرانقدر قربانیاں دی ہیں۔ کسی قوم کوزیادہ دیر محکوم نہیں رکھا جاسکتا، کشمیری اپنا حق لے کر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے احتجاجی مظاہروں میں مودی کے پتلے اور بھارتی ترنگا جلا کر اپنا رد عمل ظاہر کردیا ہے کہ کرائے قاتلوں سے جتنی بھی تخریب کاری کروالی جائے ، صوبے کے عوام اپنے ملک سے مخلص ہیں اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے مطالبے کے پشتی بان ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے، جبکہ کشمیر ایک متنازع علاقہ،جس پر بھارت ناجائز طور پر قابض ہے۔اور عوام اپنا حق خودارادیت حاصل کرنے کے لئے سڑکوںپر احتجاج کررہے ہیں۔ افغان حکومت کو اس کی کیا تکلیف ہے۔ پاکستان تو کشمیر میں فریق ہے، افغانیوںکو پاکستان کی 40۔ سالہ میزبانی کو نہیں بھولنا چاہیے۔ شیعہ علما کونسل کے رہنما نے مطالبہ کیا کہ مودی سفارتی آداب بھول گئے ہیں، وہ ہرزہ سرائی پر معافی مانگیں اور اپنے عوام کو سیاسی اور آزادی کے حقوق دیں۔ اقلیتوں پر جو مظالم بھارت کے اندر جاری ہیں، اسی وجہ سے علیحدگی پسند تحریکیں جنم لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ہمیشہ کشمیریوں کا ساتھ دیا ہے، انشااللہ آئندہ بھی ان کی وکالت کرتے رہیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی 3برٹش کونسل کے تعاون سے یکم ستمبر کو بین الاقوامی میوزیم ہیریٹیج کانفرنس کا انعقادکرے گی۔کانفرنس کے انعقاد کا مقصد دنیا بھر سے ماہرین ثقافت و ورثہ کو اکٹھا کر کے عجائب گھروں اور ورثہ کو درپیش چیلنجوں اور ان کے تخفظ بارے تجاویز اکٹھی کرنا ہے۔کانفرنس میں ملکی و بین الاقوامی مقررین حصہ لیں گے جبکہ مذکورہ کانفرنس یکم ستمبر سے تین ستمبر تک الحمرا آرٹس کونسل میں جاری رہے گی۔اس ضمن میں والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری کا کہنا تھا کہ ورثہ اور ثقافت کے حوالے سے پاکستان میں پہلی مرتبہ اس منفرد نوعیت کی کانفرنس کا انعقاد ہونے جا رہا ہے جس میں ملک کے تاریخی ورثے کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا اور اس کے تحفظ بارے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ہمیں خوشی اس بات کی ہے کہ ہم شاہی حمام اور شاہی قلعہ کی پکچر وال کے کیس سٹڈیز پر بھی اس کانفرنس میں تبادلہ کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ برٹش کونسل کی جانب سے یہ ایک اچھا قدم اٹھایا گیا ہے اور ہم کوشش کریں گے کہ اس قسم کی کانفرنس کا انعقاد باقاعدگی سے کرواتے رہیں۔جبکہ اتھارٹی ترجمان تانیہ قریشی کا کہنا تھا کہ ثقافتی ورثہ قوموں کے تشخص کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کی اہمیت اور افادیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ اس کانفرنس کے انعقاد کا مقصد بین الاقوامی سطح پر ثقافتی ورثہ کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے جس کے لئے پاکستان سمیت پوری دنیا سے مقررین کو اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے۔ جبکہ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی ثقافتی ورثے کے تحفظ اور بحالی کے لئے کام کر رہی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کراچی(جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہاہے کہ شریف برادران کی موجود گی میں بربادی کا الم ناک سفر جاری رہے گا کیونکہ ان لوگوں نے خون خرابہ اور معاشی بدحالی کو عوام کا مقدر بنادیاہے ،خواب غفلت کے شکار وزیراعظم کو اس وقت عوام کی جان ومال اور ان کے روزگار کی کوئی فکر نہیں ہے اس وقت ملک کی صنعتیں اور کارخانے بیچ کر بیرون ملک جائیدائیں بنائی جارہی ہیں،اندھیروں میں بیٹھی عوام کے پاس روزگار تک موجود نہیں اس پر ان غریبوں کا نت نئے انداز میں ٹیکسوں اور مہنگائی سے خون چوسنے کا سلسلہ جاری ہے ۔بھوک سے بلکتے ہوئے بچے اور بے روزگاری نے عوام کو مشتعل کررکھاہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے پی ٹی آئی قائدآباد آفس میں کارکنوں سے ملاقات میں کیا۔انہوں نے ملیر کے مختلف مضافات سے آئے ہوئے کارکنوں اور لوگوں کے مسائل معلوم کیئے ،اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ عوام کبھی ختم نہ ہونے والی ازیت میں زندگی گزار رہی ہے ،حکمران محنت اور لگن سے پڑھ کر ڈگریاں حاصل کرنے والوں کی بجائے اپنے درباریوں کی اولادوں کو خوش کررہے ہیں،ایسے میں جہاں بے رحم دہشت گردوں سے کوئی ادارہ محفوظ نہیں ہے اس میں بھی سب اچھا کی رٹ لگاکر جھوٹ پر جھوٹ بولا جارہاہے ، انہوں نے کہا کہ چیئرمین عمران خان سمجھتے ہیں کہ نوجوان نسل اور ا ن کا مستقبل ہی ہمارا اصل اثاثہ ہے جبکہ ان حکمرانوں کے دور میں آج کا نوجوان نشے اور برائیوں کی لت میں گرفتار ہوچکاہے ،ان لوگوں کو عوام کو درپیش مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے یہ سب اپنی اپنی تجوریوں کا منہ بھرنے میں مصروف ہیں، جو ان کے خلاف مثبت تنقید بھی کرتاہے انہیں ان کے وزیروزیراعظم کی توہین سمجھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو زہنی کشمکش اور ازیت سے صرف چیئرمین عمران خان ہی نکال سکتے ہیں جس کے لیے عوام کو تحر یک انصاف کا ساتھ دینا ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوات (جی پی آئی)مینگورہ بائی پاس روڈ پر الحاج بخت بلند خان کار سنٹر اینڈ پراپرٹی ڈیلر شاپ کے افتتاح کا پر وقار تقریب ،معززین علاقہ سمیت زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی ،اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نواز یونین کونسل گلی باغ کے جنرل سیکرٹری احمد شاہ خان ،حاجی انور خان ،ڈسٹرکٹ کونسلر محبوب علی خان ،چئیر مین سلطان روم ،سلطنت خان صدر ،ناظم طاہر خان ،ناظم سید عبداللہ خان ،سید عمر سپرنٹنڈنٹ ،بازار صدر قیوم ،مشال انجینئر ،صدر پاکستان مسلم لیگ نواز سیف اللہ خان،سیکرٹری سید عالم شاہ اور دیگر نے کہاکہ بلند کارسنٹر کے قیام سے مینگورہ کے شہریوں کو بروقت اور معیاری گاڑیوں اور پراپرٹی کے خرید و فروخت کے اسان مواقع میسر ائیںگے مقررین نے کہاکہ بااخلاق اور تعلیم یافتہ لوگ ہی معاشروں کو صحیح سمت ڈالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں بلند کار سنٹر میں موجود تمام تر عملہ بااخلاق اور تعلیم یافتہ ہے جہاں شہری باعزت اور بااعتماد طریقے سے گاڑیوں اور جائیداد کے خرید وفروخت کیلئے رابطہ کرسکتے ہیں انہوںنے کہاکہ ہماری دعاہے کہ بلند کار سنٹر کامیابی سے ہمکنار ہو۔