کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نثار احمد سومرو نے متعلقہ محکموں کے ہدایت کی ہے کہ ضلع کورنگی کی حدود میں کھیلوں کے میدانوں اور فیملی پارکوں اور گرین بیلٹس پر تقریبات اور بچت بازاروں پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہاکہ کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرکے ضلع کورنگی میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہیں انشا اللہ عوامی تعاون کے ذریعے صحت مند معاشرے کا قیام یقینی بنایا جائیگا۔
ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نثار احمد سومرو نے ڈائریکٹر پارکس جاوید احمد کے ہمراہ شاہ فیصل اور لانڈھی زونز کے فیملی پارکوں ،کھیل کے میدانوں اور گرین بیلٹس کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے صحت مند تفریحی مقامات پر جاری تعمیر وترقی اور تزئین وآرائش کے حوالے سے بلدیہ کورنگی کے تحت جاری کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے پارکس ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ تما م فیملی پارکوں ،کھیل کے میدانوں اور گرین بیلٹس کو سرسبز بنا یا جائے اور جاری تعمیراتی و تزئین و آرائش کے کاموں کو جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔بعد ازاں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نثار احمد سومرو نے ضلع کورنگی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صفائی و ستھرائی کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ ذمہ دران کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ عبادت گاہوں اور درسگاہوں کے اطراف خصوصی صفائی وستھرائی کے انتظامات کو فوکس کیا جائے۔
کچرا کنڈیوں سے کچرے کی روزانہ منتقلی یقینی بنا نے کی ہدایت کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر نثار احمد سومرو نے متعلقہ ذمہ دران کو ہدایت کی کہ صفائی وستھرائی کے حوالے سے عوامی شکایات قطعی برداشت نہیں کیاجائیگا ،انتظامات کے جائزے کے لئے سرپرائز وزٹ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اگر کسی علاقے میں صفائی وستھرائی کے حوالے سے عوامی شکایات موصول ہوئی تو متعلقہ ذمہ دار کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لایا جائیگا۔