غزہ (جیوڈیسک) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پراسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے اتوار کے روز متعدد مقامات پر بمباری کی جس کے نتیجے میں کم سے کم چار افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
غزہ کے طبی اور سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار کی شام صہیونی فوج کے جنگی طیاروں نے شمالی اور وسطی غزہ میں متعدد مقامات پر بم گرائے جس کے نتیجے میں کم سے کم چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔
غزہ وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے میڈیا کو بتایا کہ شمالی غزہ کی پٹی پر اسرائیلی طیاروں کی گولہ باری سے دو شہری زخمی ہوئے ہیں۔ دونوں کو درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں۔ انہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
قبل ازیں ایک دوسرے حملے میں 20 سالہ نوجوان سمیت دو افراد اس وقت معمولی زخمی ہوگئے تھے جب اسرائیلی جنگی طیاروں نے شمالی اور وسطی غزہ پر بمباری کی تھی۔
مقامی سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے طیاروں نے غزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے تین مراکز اور اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ اور عوامی محاذ کے ابو علی مصطفیٰ بریگیڈ کو چار میزائل حملوں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ان مراکز کو نقصان پہنچا ہے۔ جب کہ دو فراد زخمی ہوئے ہیں۔
غزہ میں پانچواں حملہ وسطی علاقے البریج پناہ گزین کیمپ کے قریب کیا گیا تاہم یہ میزائل کھیتوں میں گرا جس کے نتیجے میں کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا ہے۔ ادھر شمالی غزہ کی پٹی کی سرحد سے اسرائیلی توپخانے سے بھی بیس گولے داغے گئے تاہم ان کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی۔