کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ کے فاطمہ جناح جنرل اینڈ چیسٹ ہسپتال میں رواں سال سے ابتک کانگو وائرس کے شبے میں 84 مریضوں کو لایا گیا جہاں 22 مریضوں میں کانگو کی تصدیق ہوئی، کانگو سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 9 ہو گئی ، ہسپتال میں کانگو کے 3 مریض اب بھی زیر علاج ہیں۔
کوئٹہ کے فاطمہ جناح جنرل اینڈ چیسٹ ہسپتال کے شعبہ میں زیر علاج کانگو سے متاثرہ مریض حبیب اللہ کی حالت پہلے سے بہتر بتائی جا رہی ہے جبکہ کانگو کی شبہ میں دو مریض قلعہ سیف اللہ کے 30 سالہ رحمت اللہ اور کوئٹہ کے رہائشی 35 سالہ امان اللہ کے خون کے نمونے ٹیسٹ کے لیے کراچی بھیجے گئے ہیں ۔ فاطمہ جناح جنرل اینڈچیسٹ ہسپتال بلوچستان میں کانگو کے مریضوں کے علاج کا واحد مرکز ہے یہاں نہ صرف صوبے کے دور دراز علاقوں بلکہ ہمسایہ ملک افغانستان سے بھی مریضوں کی بڑی تعداد آتی ہے۔
کانگو وائرس کے پے در پے کیسسز سامنے آنے کے باوجود کانگو کی تشخیص کے لیے ہسپتال میں کوئی لیباٹری موجود نہیں جبکہ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق بلوچستان کے 8 اضلاع کانگو وائرس کے خطرے سے دوچار ہیں۔