فیصل آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سٹی صدر ڈاکٹر اسد معظم نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے بے لاگ احتساب کیلئے پوری قوم یک زبان اور یکجا ہے۔ معاشرے کے تمام طبقات پاکستان میں احتساب ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ یہ احتساب ضرور ہو گا اور سب کا ہو گا مگر اس کا آغاز نواز شریف سے ہو گا اس کے بعد پھر جو بھی راستے میں آئے گا اسے احتساب کی چکی سے گزارا جائے گا جو پاک دامن ہو گا اسے یہ چکی کچھ کہے گی نہیں مگر جو بھی کرپٹ ہو گا یہ چکی اسے گندم کے دانوں کی طرح پیس کر رکھ دے گی اور وہ پوری قوم کے سامنے بے نقاب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آج سے 21 سال قبل جب عمران خان نے احتساب کیلئے آواز اٹھائی تھی اگر اس وقت ان کی آواز پر کان دھرے ہوتے تو آج ملک بھر سے یہ گند صاف اور وطن عزیز حقیقی اور شاندار ترقی کے راستے پر گامزن ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پوری قوم کی نظر میں ایک مسیحا بن چکے ہیں اور عوام سمجھتے ہیں کہ وہ جب بھی اقتدار میں آئیں گے۔ چوروں’ لٹیروں اور رسہ گیروں کو کھلے عام چوراہوں پر الٹا لٹکائیں گے۔ ڈاکٹر اسد معظم نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی تحریک احتساب اس وقت اپنے پورے عروج پر ہے بہت جلد کپتان سڑکوں پر آنے کی کال دیں گے جس کے بعد کروڑوں عوام بغیر کسی لالچ کے سڑکوں پر ہوں گے اور اس وقت تک گھروں کو واپس نہیں جائیں گے۔ جب تک خزانے کو دیمک کی طرح چاٹنے والے ان حکمرانوں کو گھر نہیں پہنچا لیتے۔
فیصل آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما وصدر منٹگمری بازار حافظ طاہر جمیل میاں نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے بیانات کے ذریعے پاکستان کے اندرونی معاملات میں جس طرح مداخلت کرنے کی کوشش کی ہے ہم اس کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ مسلمانوں کے خون کی ہولی کھیلنے والے مودی عرف ”موڈی” کا بھارتی وزیراعظم بننا خود ہندوئوں کیلئے بہت بڑی گالی ہے۔ ایک انتہاپسند کو وزارت عظمیٰ کی کرسی پر بٹھا کر خود بھارتیوں نے اپنے پائوں پر کلہاڑی ماری ہے کیونکہ وہ جس دن سے وزیراعظم بنا ہے بھارت کے لیے بدنامی کا باعث بنا ہوا ہے۔ کچھ عرصہ قبل بنگلہ دیش میں پاکستان مخالف تقریر اور اب 15اگست کو اپنے خطاب میں بلوچستان کے اندر مداخلت کے اعتراف کے بعد صرف مودی نہیں بلکہ پورا ہندوستان پاکستانیوں کی نظر میں مشکوک ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر گزشتہ 67برسوں سے حل نہیں ہو رہا اور درمیان میں لٹکا ہوا ہے مگر آج تک وہاں ایسی بربریت دیکھنے میں نہیں آئی جس قسم کی آج کل دکھائی دے رہی ہے۔ ساڑھے سات لاکھ سے زائد غنڈے نما بھارتی فوجی نہتے کشمیریوں کا خون سڑکوں پر بہا رہے ہیں۔ 45 روز سے جاری مسلسل کرفیو کے نتیجہ میں کشمیریوں کے بچے دودھ کو ترس رہے ہیں۔ مودی نے جس طرح کشمیر کو کربلا بنا رکھا ہے۔ انشاء اﷲ کوئی نہ کوئی حسین ضرور پیدا ہو گا جو سر تو کٹوا دے گا مگر کشمیر کو ضرور آزاد کروائے گا اور یہ دن زیادہ دور نہیں بلکہ بہت قریب ہے۔
فیصل آباد: روٹری کلب فیصل آباد ہیپاٹائٹس سے آگاہی کے لیے مختلف علاقوں میں کیمپ لگا کر آگاہی جاری رکھے گا ،ان خیالات کااظہار روٹری کلب فیصل آباد کے صدر سرفراز اے شیخ نے ارفع کریم نگر میں لگائے کیمپ کے دوران خطاب میں کیا ،اس سے قبل اس آگاہی کیمپ کے روح رواں روٹیرین فاروق یوسف نے اپنے بیان میں کہا کہ ایسے کیمپ ہیپاٹائٹس کے تدارک میں بہت معاون ثابت ہوئے ہیں یہی وجہ ہے کہ روٹری کلب کی جانب سے یہ چھٹا کیمپ لگایا گیا ہے جس کے نتیجے میں نہ صرف سینکڑوں لوگوں کو اس کے بارے میں آگاہی دی گئی بلکہ کئی متاثرین کے علاج کا بندوبست بھی کیا گیا ہے ،روٹیرین فاروق یوسف نے بتایا کہ روٹری کلب مختلف علاقوں میں کیمپ لگاکر مفت خدمات سرانجام دیتی ہے ،یادر ہے کہ سول ہسپتال کے لیور سنٹر میں بھی روٹری ممبران سارا سال مالی امداد سے مریضوں کا مفت علاج کرواتے ہیں ۔