وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) نیشنل بینک وزیرآباد میں صارفین کا ہفتہ منایا گیا ریجنل ہیڈ آفیسر گوجرانوالہ شاہداقبال خان نے دیگر افسران جنرل مینجر کریڈٹ شکیل احمد، ریجنل مینجر بزنس ڈویلپمنٹ عبد الماجد ارشد، وائس پریزیڈنٹ بزنس ونگ چوہدری محمد رفیق ، ریجنل مینجر وسیم بشیر چٹھہ کے ہمراہ برانچ کا دورہ کیا۔
اس موقعہ پر ایک تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد اقبال خان نے کہا کہ تمام کاروباری ادارے صارفین کے تعاون کیساتھ چلتے ہیں۔نیشنل بینک قومی ادارہ ہے جو قواعد وضوابط میں رہ کر اپنے لاکھوں صارفین کو بہترین بینکنگ سروسز فراہم کررہا ہے ۔ شہریوں کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے انہیں نجی اغراض ومقاصد کیلئے قرضوں کی فراہمی کے علاوہ کاروباری، زرعی،صنعتی سیکٹر کو آسان شرائط پر قرضوں کا اجراء جبکہ زمیندار بھائیوں کو ترقی کی منازل پر لیجانے کیلئے بھرپور معاونت کی جاتی ہے۔ وزیراعظم یوتھ لون سکیم میں بھی نیشنل بینک فعال کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی بینک اپنے صارفین کو گھر کی دہلیز پر سروسز کی فراہمی کیلئے پرائیویٹ بینکوں کے مقابلہ میں اہم اقدامات اٹھا رہا ہے ادارے کی ترقی عوام کی خوشحالی کیساتھ منسوب ہے۔
1200 سے زائد اے ٹی ایم مشینوں سے لاکھوں صارفین24گھنٹے استفادہ حاصل کرتے ہیں۔آن لائن بینکنگ سسٹم سے شہریوں کی مشکلات ختم ہوگئی ہیں ۔ تقریب میں شریک صارفین نے بینک افسران کو مختلف تجاویز سے آگاہ کیا۔ ۔مینجر برانچ عتیق افضل وڑائچ، مسعود احمد کھوکھر،شاہد جمیل،فاروق چیمہ اور دیگر نے کہا کہ بینک عملہ صارفین کیساتھ خوش اخلاقی سے پیش آتا ہے جبکہ بینک آنے والے ہر صارف کو عزت دی جاتی ہے ، قومی بینک سے ہزاروں ملازمین ہر ماہ تنخواہیں حاصل کرتے ہیں، بزرگ پینشنرز کو باری میں لگنے کی تکالیف سے بچاتے ہوئے پینشن کی رقوم ہر ماہ کی یکم تاریخ کو پینشنرز کے اکائونٹس میں بھجوا دی جاتی ہیںبروقت رقوم کی ا دائیگی ، ٹرانسفر جیسے معاملات کی وجہ سے بینک پر اعتماد کرنے والے صارفین کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔