کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس و شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے پاکستان کیخلاف نعرے بازی اورچینلز پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس قسم کے نعرے اورمیڈیاپر حملے آزادی صحافت کا خون ہے۔
یہ عمل عالمی سطح پر پاکستان کی بدنامی اورجگ ہنسائی کا باعث ہے ، وطن عزیز سے ہر پاکستانی کا تعلق روح کا ہے اس کیخلاف نعرے شرانگیز گفتگو ناقابل برداشت ہیں ،حکمران وسیاستدان ملکی موجودہ حالات کے ذمہ دار ہیں۔۔
منگل کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمدنعیم نے گزشتہ روز کراچی میں پیدا ہونے والے حالات پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کیخلاف نعرے بازی اور نجی چینل پر حملے اسٹاف کو ہراساں کرنے کی مذمت کی ہے، انہوں نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
حکمرانوں کی ذمہ داری بنتی ہے وہ نیشنل ایکشن پلان پر اٹھنے والے سوالات کا ازالہ کرتے ہوئے اس کے دائرہ کار کو ملک بھر میں پھیلائیں، انہوں نے کہاکہ حکمرانوں اور لیڈران کی غلط پالیسیوں کی سزا قوم کو نہ دی جائے ، انہوں نے کہاکہ پاکستان ہے تو ہم ہیں اس کے خلاف زہر افشانی محب وطن پاکستانیوں کیلئے قابل قبول نہیں۔
کیونکہ پاکستانی مٹی پرہم نے جنم لیا ہے یہ مٹی ہماری ماں کی مانندہے اسکی حفاظت اوراسکی توقیرہم سب پرلازم ہے۔