لاہو: پاکستان اور فوج مخالف نعرے لگانے کے بعد ایم کیو ایم کو پاکستان میں سیاست کرنے کا کوئی حق نہیں،حکومت ایم کیو ایم پر فوری پابندی لگا کر غداری میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے۔ ان خیالات کا اظہار یونین کونسل 247کاہنہ کے چیئرمین حاجی بشارت علی رحمانی،وائس چیئرمین محمدارشدرضا ایڈووکیٹ ، کونسلر محمد سجادبھٹی ،ذوالفقارعلی قریشی،سیدعرفان شاہ گیلانی،سماجی و سیاسی کارکن غلام مصطفی بھٹی،مسلم لیگی رہنماء شکیل احمدبھٹی اور آصف علی رحمانی نے مشترکہ طور پر اپنے بیان میں کیا۔
انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کے راہنمائوں کی الطاف حسین کی پاکستان کے بارے میں ہرزہ سرائی پر مبہم اور بے جان الفاظ کے ساتھ تنقید صرف وقت ٹالنے کا بہانہ ہے۔ ہم فاروق ستار کی پریس کانفرنس مسترد کرتے ہیں اور پاکستان کی سیکورٹی کے ذمہ دار اداروں سے اپیل کر تے ہیں کہ ایم کیو ایم کو دہشت گرد تنظیم قرار دے کر اس پر پابندی عائد کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پریس کانفرنس نظریہ ضرورت کا شاہکار ہے، آج طبیعت کی خرابی کا بہانہ بنا کر الطاف حسین جیسے ملک دشمن کو تنظیمی معاملات سے لا تعلق قرار دے کر ایم کیو ایم کو بچانے کی کوشش ہو رہی ہے جیسے ہی عوامی دبائو کم ہو گا دوبارہ دہشت گردی کی وارداتیں شروع کر دی جائیں گی۔ کراچی کا امن دائو پر لگانے والوں کو کسی صورت معافی نہیں دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ناسور اور عذاب کہنے والے خود ایک ناسور ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ اس ناسور کو پاک جسم سے علیحدہ کر دیا جائے۔