واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی وزیر خارجہ جان کیری 29 سے 31 اگست کو بنگلہ دیش اور بھارت کا دورہ کریں گے۔ اس بات کا اعلان امریکی محکمہٴ خارجہ کے دفتر کی سربراہ، الزبیتھ ٹروڈو نے ایک اخباری بیان میں کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جان کیری کے دورہٴ ڈھاکہ سے امریکہ اور بنگلہ دیش کے طویل مدتی اور وسیع جہتی تعلقات کی نشاندہی ہوتی ہے۔
ڈھاکہ میں امریکی وزیر خارجہ سرکاری عہدے داروں سے ملاقات کریں گے، جس دوران عالمی امور پر بڑھتے ہوئے تعاون پر گفتگو ہوگی۔
بقول ترجمان بات چیت کے دوران ’’جمہوریت، ترقی، سلامتی اور انسانی حقوق کے میدان میں ہماری طویل مدتی باہمی ساجھے داری کو مضبوط بنانے پر دھیان مرتکز رہے گا‘‘۔
نئی دہلی میں اپنے سہ روزہ قیام کے دوران، جان کیری بھارت کے اعلیٰ عہدے داروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ 30 اگست کو امریکی وزیر کاروبار پینی پرزکر کے ہمراہ، وزیر خارجہ کیری امریکہ بھارت دوسرے اسٹریٹجک اور تجارتی مکالمے کی شریک صدراتی فرائض انجام دیں گے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ کیری اور پرزکر بھارتی ہم منصبوں، وزیر برائے بیرونی امور سوشما سوارج اور کاروبار اور صنعت کی ریاستی وزیر نرملا شتھارامن کے علاوہ امریکی وفد کے ارکان اپنے بھارتی ہم منصبوں کے ساتھ ملاقات کریں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ان اجلاسوں کا مقصد قابل عمل معاشی افزائش کا حصول، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، کاروبار اور سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری لانے، روزگار میں وسعت اور عالمی حکمت عملی سے متعلق ضابطوں کی بنیاد پر پیش رفت کے لیے کوشش کرنا شامل ہوگا۔