دبئی (جیوڈیسک) امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے گذشتہ روز جدہ میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن نائف اور نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے اعلیٰ سطحی اجلاس میں علاقائی مسائل بالخصوص یمن اور عراق کے بحرانوں کے حل پر تبادلہ خیال کیا۔
جون کیری نے سعودی قیادت سے ملاقات کے دوران یمن کے بحران کے پرامن حل پر زور دیا۔
انہوں نے یمن میں قیام امن اور آئینی حکومت کی بحالی کے لیے ریاض کی کوششوں کو سراہا۔
اجلاس میں امریکا اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ دوستانہ تعلقات کے قیام اور باہمی تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا۔
جان کیری آج جدہ میں خلیجی ممالک کے وزراء خارجہ سے الگ لگ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں بھی یمن، شام اور عراق کے بحران سر فہرست ہوں گے۔
گذشتہ روز جدہ میں منعقدہ اجلاس میں ولی عہد اور نائب ولی عہد کے ہمراہ وزیر مملکت ڈاکٹر مساعد العیبان، وزیر ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عادل الطریفی، وزیرخارجہ عادل الجبیر اور جنرل انٹیلی جنس چیف خالد الحمیدان نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر سعودی عرب میں متعین امریکی سفیر جوزف ویسٹفول، امریکی امن ایلچی فرانک لونیچائن اور امریکی وزارت خارجہ میں مشرق قریب کی معاون این پیٹر سن بھی موجود تھیں۔