تحریر : سلطان حسین ملک میں آج کل افغان مہاجرین کی واپسی کا مسلّہ بڑی شدت سے محسوس کیا جارہا ہے اور یہ شدت اس لیے بھی محسوس کی جارہی ہے کہ تیس سال سے زائد مہمان نوازی کے باوجود بھی آج افغانی اگر ایک طرف پاکستانی پرچم جلارہے ہیں تو دوسری طرف ایسی خبریں بھی سننے کو مل رہی ہیں کہ واپس جانے والے بعض مہاجرین یہاں سے اپنی ”کمائی ” کے لیے بچوں کو بھی اغواء کرکے لے جارہے ہیں جبکہ کچھ واپس جانے والے افغانی پاکستانیوں کو سیر کرانے کے بہانے سے لے جاکر وہاں سے تاوان کا مطالبہ کر رہے ہیں ان دنوں مہاجرین کی واپسی اور پاکستان میں ان کے قیام کی مدت میں توسیع کے حوالے سے بھی مختلف موقف سامنے آ رہے ہیں۔
پاکستان میں قیام پذیر افغان مہاجرین کی خواہش بھی ہے اور مطالبہ بھی ہے کہ افغان مہاجرین کو واپس افغانستان نہ بھیجا جائے اور ان کے ساتھ سختی نہ کی جائے کیونکہ افغانستان میں حالات بہتر نہیں اور وہ وہاں زندگی نہیں گزار سکتے تاہم ملک کی ایک بڑی اکثریت اب افغان مہاجرین کی واپسی چاہتی ہے اور ان کے مطالبے میں اس لیے بھی زیادہ شدت پیدا ہوئی ہے کہ ایک طرف افغان حکومت بھارت کو خوش کرنے کے لیے پاکستان پر مسلسل الزامات لگا رہی ہے تو دوسری طرف وہ افغان مہاجرین کی مدت قیام میں توسیع کے مطالبے بھی کررہی ہے ساتھ ہی ساتھ پاکستان کے خلاف اقدامات سے بھی گریز نہیں کر رہی جس کی وجہ سے پاکستان میں اب افغانیوں کے خلاف فضا ہموار ہورہی ہے بلکہ یہ فضا ہموار ہوچکی ہے اور اب واپسی کے مطالبے میں شدت پیدا ہو گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس صوبہ میں اس وقت رجسٹرڈ افغان مہاجرین سے کئی گنا زیادہ غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین رہائش پذیر ہیںاس میں ہزاروں خاندان کیمپوں سے نکل کر مختلف شہروں میں پھیل گئے اور وہاں آباد ہو گئے ان میں سے صاحبِ ثروت حضرات نے تو کاروبار بھی شروع کر دئیے اور جائیدادیں بھی خریدلیں اور پھر پاکستان کے شناختی کارڈ بھی حاصل کر لئے، مہاجرین میں سے نچلے طبقے والوں نے مزدوری کا پیشہ اختیار کیا اور انہی میں سے بعض جرائم کی راہ پر چل پڑے،ایسے لوگوں سے مختلف نوعیت کے جرائم منسوب ہیں۔یہ افغان شہری نہ صرف پشاور ‘ لاہور ‘اسلام آباد اورکراچی میں آباد ہیں، بلکہ لاہور کی مختلف مارکیٹوں میں اچھے خاصے کاروبار کے مالک بھی ہیں، جبکہ تیسری قسم کا طبقہ مختلف بستیوں میں قیام پذیر ہے۔
Afghan Refugees in Pakistan
اب جوایکشن شروع ہوا تو یہ حضرات زد میں آ رہے ہیں جن کے کاروبار جم چکے وہ جائیدادیں خرید چکے وہ کسی قیمت پر واپس جانا پسند نہیں کرتے ، جبکہ ان کی نسبت محنت کش طبقے کے حضرات بھی پس و پیش ہی کررہے ہیں البتہ جرائم سے منسلک افراد روپوشی اختیار کرتے جا رہے ہیں وہ لوگ اب ٹھکانے بھی بدل رہے ہیں16 دسمبر کے سانحہ پشاور کے بعد سے پاکستان میں موجود بیس لاکھ سے زائد رجسٹرڈ اور تقریباََ دس لاکھ کے قریب غیر قانونی افغان مہاجرین جو گزشتہ 35 سال سے پاکستان میں مقیم ہیں کی واپسی کا مطالبہ شدت سے کیا جا نے لگا صوبائی حکومت بھی وفاق سے یہی مطالبہ کرتے ہوئے کہہ رہی تھی اور کہہ رہی ہے کہ بہت ہو چکا اب افغان مہاجرین کو ان کے وطن واپس بھیجا جائے واپسی کے لئے مزید انتظار نہیں کیا جا سکتا صوبائی حکومت نے وفاق کو یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ مہاجرین کی واپسی کا نیا شیڈول بنایا جائے۔
اس سے قبل کہ ہم ان کی واپسی کے مطالبہ پر بات کریں افغان مہاجرین کی پاکستان آمد اور یہاں قیام کا ایک جائزہ لیتے ہیں یہ ستر کی دہائی کا آخری سال تھا 1979ء میں جب روس نے اپنی فوجیں افغانستان میں داخل کیں تو افغان باشندوں نے پاکستان کا رخ کیا افغانستان میں روس کی آمد کے بعد یکے بعد دیگرے جیسے جیسے حکمران بدلتے رہے اور خونی ڈرمے کھیلے جانے لگے تو افغان باشندوں کے بڑے ریلوں کی پاکستان آمد بھی شروع ہو گئی 1979 ء کے بعد افغانستان میں کیا ہوا اور کیوں ہوا اس کے بارے میں کچھ کہنے کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ بات اب سب جانتے ہیں جو اب تاریخ کا ایک حصہ بن چکا ہے افغانستان میں داخل ہونے کے بعد کے جی بی اور خاد نے پاکستان اور خصوصاً صوبہ خیبر پختونخوا کو جس طر ح نشانہ بنایا یہ بھی ماضی کی تاریخ کا ایک المناک باب بن چکا ہے ان دونوں ایجنسیوں نے پاکستان اور خصوصاََ اس صوبے میں پبلک مقامات کو بم دھماکوں کا نشانہ بنایا اس دور میں صوبہ خیبر پختونخوا کے باسیوں نے افغانستان کی جنگ میں جو قربانیاں دیں وہ بھی ناقابل فراموش ہیں لیکن ان قربانیوں کے باوجود بھی افغانستان سے روس کی واپسی کے بعد افغان قیادت نے پاکستان کو اس کا کیا صلہ دیا وہ بھی سب جانتے ہیں دس سال کی طویل اور صبر آزما گوریلا جنگ کے بعد تو روس افغانستان سے چلا گیا مگر پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین نے امن و امان کو جواز بنا کر واپس جانے سے انکار کر دیا۔
اپنے پاکستان میں قیام کے دوران جہاں وہ حکومت سے امدادی رقم وصول کرتے رہے وہاں دوسری طرف انہوں نے ہر شعبہ زندگی میں اپنے پیر پھیلانے بھی شروع کیے پراپرٹی سے تجارت اور لیبر تک ہر شعبے پر افغان مہاجرین چھا گئے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو مشکلات اور پریشانی کا سامنا بھی کرنا پڑا ایک دور ایسا بھی آیا کہ مقامی اور افغان باشندوں میں کشیدگی بھی پیدا ہوئی اور لوگ ان کی واپسی کا مطالبہ شدت سے کرنے لگے تھے لیکن حکومت چونکہ عالمی اداروں کے سامنے بے بس تھی اس لئے عوامی مطالبے پر عمل در آمد تو دور کی بات رہی اس پر کوئی پیش رفت بھی نہ ہو سکی وقت گزرنے کے ساتھ ہی ساتھ اس صوبے میں جرائم کی رفتار بھی تیز ہو گئی (بلکہ ملک بھر میں جرائم کی شرح بڑھ گئی )اور اب حالت یہاں تک پہنچ گئی کہ اغواء برائے تاوان، بھتہ خوری، چوری، ڈکیتی اور قتل روز مرہ کے معمول بن گئے ان جرائم میں گرفتار ہونے والے افراد کی اکثریت افغان مہاجرین کی ہوتی ہے پولیس ریکارڈ اس کا گواہ ہے ایک وقت تو ایسا بھی آیا جب افغان مہاجرین کے باقاعدہ گروہ بن گئے جو ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث رہے یہ لوگ گھروں پر دھاوا بول کر مکینوں کو قتل کر کے لوٹ مار کرتے اور سب کچھ لے جاتے ایسا بھی نہیں کہ سب افغان باشندے یا افغان مہاجرین جرائم میں ملوث ہیں۔
Pakistan-Afghanistan
ان میں اچھے کردار کے حامل لوگ بھی موجود ہیں لیکن جس طرح ہر قوم میں اچھے اور برے لوگ ہوتے ہیں اور برے لوگ اپنی قوم کی بد نامی کا باعث بنتے ہیں اسی طرح جرائم میں ملوث یہ لوگ بھی اپنی قوم کی بد نامی کا باعث بنے اور بن رہے ہیں جس کی وجہ سے اب ان کی واپسی کا مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں افغان مہاجرین کو وطن واپس بھیجنے کی کوششیں کی گئیں لیکن پھر حکومت عالمی اداروں کے سامنے بے بس ہوگئی اور واپسی کی کوششیں ترک کرکے ان کے قیام میں توسیع کر دی گئی ان کے بعد افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے سنجیدہ کوششیں نہیںکی گئیں ۔ امن و امان کو جواز بنا کر عالمی اداروں کے دبائو سے مجبور ہو کر سابق حکومت نے بھی 2015ء تک ان کی واپسی ملتوی کر دی اور اب ایک بار پھر انہیں چھ ماہ کی توسیع دے دی گئی ہے اب ایک بارپھر ان کی واپسی کے لئے فضاء بن گئی ہے اور صوبائی حکومت بھی افغان مہاجرین کی واپسی کا مطالبہ کر رہی ہے خیبر پختونخوا میں اس وقت تقریباً ہر شعبے پر افغان مہاجرین قابض ہو چکے ہیں جس سے مقامی تاجر برادری کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اب جبکہ افغانستان میں کسی حد تک امن و امان قائم ہو چکا ہے۔
انتخابات کے ذریعے حکومتوں کی تبدیلی بھی ہوگئی غیر ملکی سرمایہ کار بھی بڑی تعداد میں افغانستان میں سرمایہ کاری کیلئے آ چکے ہیں امریکی فوج کی بڑی تعداد کی واپسی بھی ہو چکی ہے پاکستان چین اور خطے کے دیگر ممالک بھی افغانستان میں امن کے لئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ایسی صورت میں پاکستان میں ان کے مزید قیام کا کوئی جواز بھی نہیں بنتا پاکستان کی حکومت کی طرف سے افغان مہاجرین کو وطن واپس بھیجنے کے لئے اب سنجیدہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے اس حوالے سے ٹھوس حکمت عملی مرتب کر کے مہاجرین کو وطن واپس بھیجا جائے پاکستان کی معیشت جو پہلے ہی دگرگوں حالت میں ہے افغان مہاجروں کے مزید بوجھ کی متحمل نہیں ہو سکتی پاکستان افغان مہاجرین کے لئے ” دبئی” بن چکا ہے یہاں انہیں ہر قسم کی سہولت اور مراعات حاصل ہیں ان کی اکثریت پاکستانی شناختی کارڈ جعسازی سے حاصل کر چکے ہیں کاروبار شروع کرنے کے لئے کوئی روک ٹوک نہیں لیبر میں بھی یہی افغان مہاجرین پیش پیش ہیں انہی کی وجہ سے مقامی لیبر کو دیہاڑی ملنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے ایسے حالات میں وہ پاکستان سے جانے کیلئے تیار نہیں اور انہوں نے واپس جانے سے پھر انکار کر دیا ہے ان مہاجرین کی واپسی کیلئے جب تک ٹھوس حکمت عملی مرتب نہیں کی جائے گی اس وقت تک ان کی واپسی ممکن نہیں رہے گی۔
عالمی ادارے بھی اپنے مخصوص مفادات کے پیش نظر انہیں مزید پاکستان میں قیام کو طول دیتے رہیں گے وہ پاکستان پر پھر دبائو ڈالنے کی تگ و دو میں ہیں تا کہ حکومت کوپھر مجبور کر کے اپنے ارادے سے پیچھے ہٹایا جائے لیکن سوال یہ ہے کہ آخر یہ سلسلہ کب تک جاری رہے گا ؟ اس کا فیصلہ تو ہونا ہے جب فیصلہ ہونا ہی ہے تو پھر اب کیوں نہیں ؟جہاں تک افغانستان میں حالات کی ابتری کی بات ہے تو اسے اب جواز کے طورپر پیش نہیں کیا جاسکتا اول تو افغانستان میں حالات پہلے کے مقابلے میں بہت بہتر ہیں اور اگر اس میں کچھ خرابی ہے تو یہ ان کا اپنا مسلّہ ہے جس طرح 1979ء کے بعد سے افغانستان کی وجہ سے پاکستان میں حالات بہتر نہیں رہے یہاں بم دھماکے ہوتے رہے اس کے بعد خودکش حملوں کا سلسلہ چلتا رہا جس میں درجنوں نہیں ‘سینکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں لوگ لقمہ اجل بن گئے اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے تو کیا پاکستانی بھی کسی ملک میں حالات کی وجہ سے مہاجر بن کر چلے جائیں؟؟؟ یہ پاکستان اور پاکستانیوں کا مسلّہ ہے سو وہ اس سے نمٹ رہے ہیں اور کئی بھاگ جانے کی بجائے جواں مردی اور ہمت سے اس کا سامنا کررہے ہیں ۔افغان باشندے اور ان کی قیادت دونوں اب واپسی روکنے کے لیے جواز تلاش کرنے یا اسے نفرتوں کا جواز بنانے کی بجائے پاکستان اور پاکستانیوں کی طرح ہمت کا مظاہرہ کریں اور صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی حکمت عملی بنائیں۔