وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) گیپکو واپڈانتظامیہ اور ہڑتالی ملازمین کے درمیان مذاکرات کامیاب،ملازمین نے ہڑتال ختم کر دی۔ گیپکو میں پرائیویٹ چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کے ردعمل کے طور پر گیپکو لیبر یونین اور آفیسرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کر رکھی تھی جس کے لئے گیپکو انتظامیہ کی کوششوں سے مذاکرات کے مختلف دور چلے تا ہم ہڑتالوں کے دوران میٹر ریڈنگ اور بلنگ نہ ہونے کی وجہ سے گیپکو ریونیو کے نقصانات اور عوامی مشکلات کے پیش نظر گذشتہ روز گیپکو آفیسرز ایسوسی ایشن اور پاکستان واپڈا ہائیڈرو ورکر یونین اور گیپکو انتظامیہ کے مابین جامع اور طویل مذاکرات ہوئے۔ جس میں پرائیویٹ چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی روکنے سمیت یونین کے 21نکاتی ایجنڈے پر بات چیت کی گئی اور باہمی اتفاق رائے اور رضامندی سے گروپوں نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔ گیپکو انتظامیہ کی نمائندگی کرتے ہوئے اس موقع پر چیف ایگزیکٹو چوہدری محمد اکرم نے گیپکو ملازمین و افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گیپکو کی ترقی کیلئے گیپکو انتظامیہ و کارکناں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اورہڑتالوں کے دوران ہمارا جو وقت ضائع ہوا ہے اور نقصان ہوا ہے اسکو پورا کرنے کیلئے اتنے دن ڈبل کام کر کے اس نقصان کو پورا کریں اور کمپنی کا عزت و وقار بحال کرتے ہوئے اسے نمبرون کی پوزیشن پر برقرار رکھیں گے ۔ اس موقع پر پاکستان واپڈا ہائیڈرو ورکرز یونین کے ریجنل چیئرمین محمد اقبال ڈار، ریجنل جنرل سیکرٹری ولی الرحمن خاں، ریجنل ڈپٹی سیکرٹری میاں عطا ء الرحمن اورگیپکو انجینئرز ایسوسی ایشن کے صدر مرز فیصل نفیس یوسف نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں گیپکو انتظامیہ کے مثبت کردار کو سراہااور انہیں کمپنی کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(نامہ نگار)تعمیر وترقی کے وعدے دعوے ٹھس، مقامی سیاسی قیادت اور انتظامیہ نے عوامی مسائل سے نظریں ہٹالیں۔ سڑکوں، گلیوں کی ٹوٹ پھوٹ کے معاملہ پر ذمہ داروں کی مسلسل بے حسی سے عوامی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہوگیا۔ یونین کونسل نظام آباد کے رہائشیوں نے بتایا کہ نظام آباد کے محلہ سیٹھاں، نئی آبادی، طارق آباد، میاں صاحب، جنوبی پھاٹک، ریلوے گرائونڈ، نبی بخش، جلالپورہ کی سڑکیں ، گلیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔علاقہ مکینوں کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔معمولی بارش کے بعد حالات اور بھی زیادہ خراب ہوجاتے ہیں۔عرصہ دراز سے تعمیر کی دعوے اور وعدے بھی کسی کام نہ آسکے ہیں۔شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(نامہ نگار)پولیس تھانہ صدر کے علاقہ الہ آباد میں مسلح خواتین ڈاکوئوں کے گروہ نے ات مچادی۔گھروں میں داخل ہو کر لوٹ مارکی وارداتوں سے علاقہ میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔گزشتہ روز الہ آباد بازار نمبر2 کے رہائشی روزگار کے سلسلہ میں بیرون ملک مقیم چوہدری انعام الٰہی کے گھر صبح ساڑھے سات بجے گھر کا دروازہ کھلا دیکھ کر ڈکیت خواتین اندر داخل ہوگئیں، اہلخانہ جو کسی شادی تقریب سے فارغ ہو کر گھر میں آئے تھے کاایک کمرے میں رکھاسامان سے بھرا ہوا بیگ اٹھا کر باہر نکلنے کی کوشش کی جس پر اہلخانہ کو پتہ چل گیا۔ گھر والوں کے شور مچانے پر ڈکیت خواتین کی مسلح ساتھی نے تمام گھر والوں کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا اور جان سے مار دینے کی دھمکی دیکر خاموش کرادیا اوربیگ جس میں5تولہ طلائی زیورات ،3ہزارروپے نقدی، قیمتی پارچہ جات، موبائل موجود تھے لیکر رفو چکر ہوگئیں۔۔واقعہ کے بعد علاقہ میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں اور رستوں کے بعد اب گھروں میں بھی ان کے جان ومال محفوظ نہیں رہے۔ شہریوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) جماعت اسلامی ضلعی گوجرانوالہ کے امیر عبید اﷲ گوہر نے کہاہے کہ مولانامودوی کی فکری تحریک آج الحمدللہ تناور درخت بن چکی ہے نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے لیے جماعت اسلامی کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی ہوئی نہیں ہیں مستقبل اسلام کاہے ۔ان شاء اللہ اسلامی تحریکیں طاغوت کے مقابلے میں کامیاب ہونگی۔وزیرآبادمیں جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی وسیم شاہد اولکھ کی زیرقیادت منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا 26 اگست 1941ء میں 75 آدمیوں نے یہ انقلابی فیصلہ کیا کہ خالص قرآن و سنت کی بنیاد پر ایک جماعت قائم کی جائے۔ سید ابو اعلی مودودی جیسی قابل اور صاحب علم شخصیت کو ان کے ساتھیوں نے قیادت کی ذمہ داری سونپی۔ جماعت اسلامی روز اول سے اسلامی نظام کے قیام اور اتحاد امت کی داعی ہے۔ ہر کلمہ گو دوسرے کلمہ گو کا بھائی ہے۔ جماعت اسلامی تکمیل پاکستان کی جدوجہد میں شب و روز مصروف ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں تمام خرابیوں کی جڑ اسلام سے دوری ہے۔ دین اسلام کے بارے میں غلط تصورات پیش کرکے لوگوں کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ بدامنی ، لاقانونیت ، کرپشن ، بے وزگاری ،سیاسی ، معاشی، معاشرتی، اخلاقی ، اقتصادی مسائل تب ہی ختم ہوں گے جب یہاں اسلام کا نظام اپنی اصل صورت میں نافذ ہوگا۔ جماعت اسلامی غریب ، مزدور ، کسان اور محروم طبقے کی ترجمان ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی موروثی جماعت نہیں ہے۔ اپنی صلاحیت کی بنیاد پر ایک غریب ترین آدمی بھی جماعت کا امیر بن سکتاہے دیگر تمام جماعتوں میں قیادت کا معیار دولت ہے ، جماعت اسلامی میں علم ، تقویٰ ، رزق حلال اور صلاحیت قیادت کے لیے پیمانہ ہے۔عوام مہنگائی اور اضطراب کی اس فضا میں چکی کے پاٹوں میں پس رہے ہیں کوئی ان کا پرسان حال نہیں ہے ، وہ عدل و انصاف کو ترستے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مایوسی ، بے چینی اور اضطراب کی اس فضا میں عز م و حوصلے کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی عالم اسلام کی سب سے بڑی اور منظم تحریک بن چکی،پرامن اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں جماعت اسلامی کردار ادا کرسکتی ہے ہم سب کو جماعت اسلامی کے پیغام کو آگے لانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس موقعہ پر صابر حسین بٹ، عبد الوکیل علوی، آصف مسعود خان، عقیل احمد، محمد قیصر بٹ، محمد ندیم،زمان حیدر چیمہ اور دیگر بھی موجود تھے۔تقریب کے اختتام پر کیک بھی کاٹا گیا۔