سری لنکا (جیوڈیسک) سری لنکن کرکٹر تلکارتنے دلشان نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وہ کرکٹ میں وکٹ کیپر کے اوپر سے کھیلی جانے والی ایک منفرد شاٹ ’دل سکوپ‘ کے بانی سمجھے جاتے ہیں، جس کا نام ان کے نام دلشان کے پہلے حصے کو سکوپ سے ملا کر بنایا گیا تھا۔
39 سالہ دلشان آسٹریلیا کے خلاف آخری ایک روزہ میچ اتوار کو کھیلیں گے جبکہ اس کے بعد آئندہ ماہ دو ٹی 20 میچ ان کے کیریئر کے آخری میچ ہوں گے۔
دلشان اب تک 87 ٹیسٹ، 329 ایک روزہ اور 78 ٹی 20 میچوں میں سری لنکا کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
انھوں نے سنہ 1999 میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور سنہ 2014 میں ورلڈ ٹی 20 جیتنے والی سری لنکن ٹیم کا حصہ بھی تھے۔
دلشان کا شمار سری لنکا کے جارحانہ بلے بازوں میں ہوتا ہے اور وہ آف سپن بولنگ بھی کرتے ہیں۔ بین الاقوامی میچوں میں ان کی وکٹوں کی تعداد 152 ہے۔
دلشان بہترین فیلڈر کے طور پر بھی پہنچانے جاتے ہیں اور کبھی کبھار وکٹ کیپنگ بھی کرتے ہیں۔ سنہ 2011 اور 2012 کے درمیان انھوں نے سری لنکن کرکٹ ٹیم کی قیادت بھی سنبھالی تھی۔
دلشان وکٹ کیپر کے اوپر سے کھیلی جانے والی ایک منفرد شاٹ ’دل سکوپ‘ کے بانی سمجھے جاتے ہیں
دلشان 17624 بین الاقوامی رنز بنا چکے ہیں اور سری لنکا کی جانب سے سب سے زیادہ ٹی 20 میچ کھیلنے والے کھلاڑی ہیں جبکہ سب سے زیادہ ایک روزہ میچ کھیلنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں ان کا پانچواں نمبر ہے۔
سنہ 2013 میں انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ وہ سنہ 2009 کے ورلڈ ٹی 20 اور سنہ 2011 کے عالمی کپ مقابلوں میں سب سے زیادہ سکور کرنے والے بلے باز تھے۔
سنہ 2009 کے ورلڈ ٹی 20 مقابلوں میں ہی انھوں نے ’دل سکوپ‘ سے شہرت حاصل کی تھی اور اس ٹورنامنٹ میں وہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ بھی قرار دیے گئے تھے۔
ان دونوں ٹورنامنٹوں اور سنہ 2007 کے عالمی کپ کے فائنل مقابلوں میں سری لنکا کو شکست ہوئی تھی۔