آزاد کشمیر (یاسر رفیق سے) سیز فائر لائن کے آر پار ہم سب کو ایک آواز ہونا پڑے گا ، جموں کشمیر لبریشن فرنٹ ۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا ہے کہ سیز فائر لائن کے آر پار ریاست جموں کشمیر کے عوام کا مطالبہ صرف اور صرف آزادی ہے۔
غیر ریاستی ڈنڈے اور جھنڈے کشمیری عوام کی آزادی کی آواز کو کبھی دبا نہیںسکیں گے۔آزاد کشمیر حکومت کالعدم تنظیموں اور انکے راہنمائوں کی ریاست میں آمد پر فی الفور پابندی لگائے ورنہ کشمیری خود ایسی سرگرمیوں کو روکیں گے۔
ہم غیر ملکی افواج کا مکمل انخلاء اور ریاست جموں کشمیر میں آزادانہ ریفرنڈم کا مطالبہ کرتے ہیں۔وہ ہجیرہ میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ اور سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ کی احتجاجی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ریلی کا آغاز بوائز ڈگری کالج ہجیرہ سے کیا گیا۔ ریلی کی قیادت زونل صدر ڈاکٹر توقیر، سردار عابد ایوب ایڈوکیٹ، سردار ہارون، سردار حیات خان، سردار فیاض،سردار آصف، سردار عبد الخالق ، سردار شاید، اور دیگر راہنما کر رہے تھے۔
ریلی کے شرکاء نے بھارتی حکومت اور قابض افواج کے ظلم و جبر کے خلاف تحریروں پر مبنی بینرز اور کتبے، لبریشن فرنٹ اور آزاد کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور آزادی کے حق میں نعرے بازی کر رہے تھے۔ریلی کے شرکاء نے ہجیرہ بازار کے مین چوک میں احتجاجی جلسہ منعقد کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ آزادکشمیر گلگت بلتستان زون کے صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا کہ48 روز سے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت پر عالمی برادری بالخصوص اقوامِ متحدہ اور بڑی طاقتوں کی مجرمانہ خاموشی شرمناک اور انسانیت کے ماتھے پر بدنما داغ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام موجودہ عہد کے سب سے بڑے جبر کا سامنا کر رہے ہیں ۔ڈاکٹر توقیر گیلانی نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں مسلسل پابند سلاسل چیئرمین لبریشن فرنٹ، دیگر قائدین اور تمام مائوں ، بہنوں، بیٹیوں، بزرگوں اور نوجوانوںکوزبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ منحوس خونی لکیر کے آر پار ہم سب ایک ہیں اور اس عظیم جدوجہد کی کامیابی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی پرامن اور انتہائی موثر تحریک کو سبوتاژ کرنے کی بدترین سازشیں جاری ہیں اور قابض ممالک کے حکمران اس تحریک کی ناکامی کیلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں جنہیں ہم سب کو سمجھتے ہوئے تحریک کو بچا کر اور واضح پیغام کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اپنا جھنڈا اور اپنا نعرہ ہی ہماری جدوجہد کو بین الاقوامی حمایت کی ضمانت دلا سکتا ہے اس لیے سیز فائر لائن کے آر پار ہم سب کو ایک آواز ہونا پڑے گا۔
انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ ریاست جموں کشمیر میں آزادانہ ریفرنڈم کے انعقاد کیلئے اپنا وعدہ پورا کرے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انجمن تاجراں ہجیرہ کے صدر سردار ظہیر، سردار محمد حیات خان، سردار فیاض،سردار ہارون ،سردار آصف، سردار سہراب، عبد الحمید خان اور دیگر نے کہا کہ کشمیری قوم کا واحد مطالبہ آزادی ہے۔
مقررین نے حکومتِ آزاد کشمیر اور مختلف اضلاع کی انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ اگر آزاد کشمیر میں کالعدم غیر ریاستی تنظیموں کی سرگرمیوں اور انکے راہنمائوں کی آمد پر فی الفور پابندی نہ لگائی گئی تو ہم نہ صرف بھرپور احتجاج کرینگے بلکہ ریاست کے عوام خود اس منافقت اور تحریک دشمنی کو روکنے کیلئے باہر آئیں گے اور کسی بھی طرح کے حالات کی ذمہ دار حکومت اور مقامی انتظامیہ ہو گی۔مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صبح آزادی کے طلوع تک جدوجہد کو ہر حال میں جاری رکھا جائیگا۔