ڈیرہ اسماعیل خان (سید توقیر زیدی) عالمی مجلس امن برائے بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان (رجسٹرڈ) کے مرکزی چیئرمین اعجاز علی چھجڑو نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کو دوسرا فلسطین بنانا چاہتا ہے۔ کشمیریوں کی معاشی ناکہ بندی سے تحریک آزادی کا راستہ روکا نہیں جا سکتا۔کشمیر میں جاری بدترین مظالم پر عالمی ادارے بیانات سے آگے بڑھ کر عملی کردار ادا کریں۔
کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا راستہ روکنے کے لیے اقوام متحدہ اوراوآئی سی کو مضبوط کردار ادا کرنا ہوگا۔ کشمیریوں کی بھرپور جدوجہد کی وجہ سے تحریک آزادی ایک نئے موڑ میں داخل ہوچکی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مجلس امن برائے بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان(رجسٹرڈ) کے نئے ممبران سے اپنے آفس میںخصوصی ملاقات میں کیا۔
خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج کشمیر لہو لہو ہے۔کشمیری69سال سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔لاکھوں جانیں قربان کر چکے۔کشمیر کا کوئی گھر ایسا نہیں جہاں زخمی یا معذور نہ ہو،ہزاروں عورتیں بیوہ اور بچے یتیم ہوئے،پیلٹ گن سے سینکڑوں نوجوانوں کی بینائی ضائع ہوئی۔ہسپتال زخمیوں سے بھرے ہوئے ہیں بھارتی فوج نے ہسپتالوں میں جا کر زخمیوں کو شہید کیا۔ہم کشمیریوں کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیںجنہوں نے قربانیوں کے باوجود انڈیا کی بالا دستی کو تسلیم نہیں کیا۔دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ کشمیری جیلوں میں بھی پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں۔شہداء کے جنازوں میں لاکھوں لوگوں کی شرکت اور پاکستانی پرچم میں تدفین کشمیریوں کا پاکستان سے محبت کا واضح ثبوت ہے۔
وہ گولیاں کھا کر بھی سبز ہلالی پرچم اٹھائے میدان میں کھڑے ہیں ۔ان مشکل ترین حالات میں کشمیری مسلمان قربانیاں پیش کر کے اپنا حق ادا کر رہے ہیں۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں جتنا زیادہ ظلم کر رہا ہے تحریک اتنی زیادہ مضبوط ہو رہی ہے۔کشمیر کا ہر فرد انڈیا کے مقابلے میں میدان میں کھڑا ہے۔اسی لاکھ کشمیر کی آباد ی ہے اور آٹھ لاکھ سے زیادہ بھارتی فوج مسلط ہے،دس کشمیریوں پر ایک فوجی ہے۔بھارت کشمیریوں پر مظالم سے باز آ جائے،اگروہ نہیں رکے گا تو پاکستانی قوم کشمیریوں کی تحریک آزادی کا ساتھ دیتی رہے گی۔ کشمیری مسلمانوں کی ہر ممکن مدد و حمایت ہم سب پر فرض ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انڈیا کی ریاستی دہشت گردی اور امریکا و بھارت کا گٹھ جوڑ کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے۔ اگر بھارت خطے میں امن چاہتا ہے تو کشمیریوں کو ان کی امنگوں کے مطابق آزادی دے۔ آئی پی سی آئی ایچ کے چیئرمین اعجاز علی چھجڑو نے نئے ممبران پر زور دیا کہ وہ عالمی مجلس امن برائے بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان(رجسٹرڈ) کے پلٹ فارم سے امن محبت،بھائی چارے کی فضاء کو فروغ دیں۔وطن عزیز میں فرقہ واریت کے ناسور ،لسانی فسادات کے خلاف ،کرپشن ولاقانونیت کی روک تھام کے لئے کے عملی اقدامات اُٹھائیں۔کشمیری بھائیوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف آواز اُٹھائیں۔