استنبول (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے استنبول میں ترکی کے وزیر صحت رجب اکداع سے ملاقات کی،جس میں ترکی کے تعاون سے پنجاب کے نظام صحت کو بہتر بنانے پراتفاق کیا گیا۔
۔وزیراعلیٰ نے ترکی میں گزشتہ ماہ بغاوت کی کوشش کو ناکام بنانے پر ترکی کی قیادت اورعوام کی بے مثال جدوجہد کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی میں ماضی میں ٹینک آتے تھے اور اذانوں کی آوازیں بند کرادیتے تھے ،اس دفعہ اذانوں نے ٹینکوں کا راستہ روک دیااورانہیں بھگادیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترکی کا دشمن ہمار ا دشمن ہے اورجو رجب طیب ایردوان کا دشمن ہے وہ میرا بھی دشمن ہے۔
ترک وزیر صحت نے وزیراعلیٰ پنجاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کی جنگ آزادی میں برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں نے جو تاریخی کردارادا کیا وہ آج بھی ہمیں یاد ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت اورحکومت نے گزشتہ ماہ ترکی میں بغاوت کی کوشش کے دوران ترکی کی حکومت اورعوام کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا اورپاکستان کی پارلیمان دنیا کا واحد ایوان تھا جس نے ترکی میں بغاوت کی کوشش کی مذمت کی،انہوں نے کہاکہ پاکستان اورترک یکجان دوقالب ہیں اورپاکستان اورترکی کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔