کراچی (اسٹاف رپورٹ) شدید بارش میں منعقدہ کراچی امن اسپورٹس فیسٹیول سائیکل ریس ضلع غربی کے عظیم بلوچ نے جیت لیا ،ضلع ملیر کے وقار بلوچ دوسرے اور ضلع جنوبی کے میانداد بلوچ تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ کھیل حکومت سندھ کے تعاون سے پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ کراچی امن اسپورٹس فیسٹیول سائیکل ریس کا انعقاد کیا گیا۔
ریس کمشنر کراچی آفس سے ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا ریلوے اسٹیڈیم آئی آئی چندریگر روڈ پر اختتام پذیر ہوا ۔قبل ازیں سائیکل ریس کا افتتاح نیشنل بنک آف پاکستان اسپورٹس ڈویژن کے سربراہ اویس اسد خان نے کیا اس موقع پر انہوں نے کہاکہ شدید بارش کے باووجود سائکلسٹ کا ریس میں حصہ لینا اُن کے کھیل سے محبت اور جذبے کو ثابت کرتا ہے انہوں نے کہاکہ ہمارے نوجوانوں کا یہی جذبہ اور محبت ملک خصوصاً کراچی کی امن اور خوشحالی کا ضامن بنے گا اس موقع پر اویس اسد خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل بنک آف پاکستان تعلیم اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے ملک بھر میں اقدامات کررہی ہے انہوں نے کھلاڑیوں کو یقین دلا یا کہ نیشنل بنک سائیکلنگ سمیت کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
اس موقع پر فیسٹیول کے چیف آرگنازئر حاجی غلام محمد خان ،ضلع جنوبی لیاری کے یونین کمیٹی کے چیئر مین حبیب حسن بلوچ ،سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اصغر بلوچ ،کراچی سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری حاجی عبدالجلیل ،سندھ کے سیکریٹری باران بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے۔حاجی غلام محمد خان نے وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر اور سیکریٹری اسپورٹس محمد راشد کو کراچی امن اسپورٹس فیسٹیول کے انعقاد پر ہر ممکن تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ بھی شہر میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے ھوالے سے کاوشوں کو باہمی تعاون کے ذریعے جاری رکھا جائیگا ۔فیسٹیول کے چیف آرگنائزر حاجی غلام محمد خان کے اعلامیہ کے مطابق کراچی امن اسپورٹس فیسٹیول انٹر کالجیٹ گرلز والی بال ٹورنامنٹ 30اگست2016ء بروز منگل صبح 8:30بجے خاتون پاکستان گورنمنٹ گرلز کالج اسٹیڈیم روڈ کراچی پر منعقد ہوگا اور فیسٹیول کے تمام مقابلوں کے کھلاڑیوں میں انعامات کی تقسیم کے لئے تقسیم انعامات کی تقریب مورخہ 4ستمبر2016ء بروز اتوار شام 7بجے آرام باغ باسکٹ بال کورٹ برنس روڈ کراچی پر منعقد ہوگی۔