کراچی: بلدیہ شرقی کے مرکزی دفتر میں رٹرننگ آفیسر محمد اسحاق گھار نے نو منتخب چیئرمین معید انور اور وائس چیئرمین عبد الرؤف خان بلدیہ شرقی سے ان کے عہدوں کا حلف لے لیا ۔ا س موقع پر ایم پی اے محمد حسین، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی شفیق الرحمن، میونسپل کمشنر مبین صدیقی، نومنتخب اراکین یونین کونسل، بلدیہ شرقی کے تمام افسران و عملہ، اعلی حکام اور میڈیا کی بڑی تعداد موجود تھی۔
حلف اٹھانے کے بعدنو منتخب چیئرمین معید انور اور وائس چیئرمین عبد الرؤف خان نے تمام افسران و عملہ کا شکریہ ادا کیا اور مکمل تعاون کی امید کی ، اس موقع پر نو منتخب چیئرمین معید انور نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج سے ہمیں اس شہر کی خدمت کرنی ہے اور اس شہر کے مسائل حل کرنا ہیں اور یہ فرد واحد کا کام نہیں بلکہ ٹیم ورک سے ہی ممکن ہو سکے گا۔
چیئرمین معید انور نے کہا کہ ہم اس شہر کو دنیا کا بہترین شہر بنانا چاہتے ہیں اور اس ملک کو ترقی کرتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں اور اس میں ہمیں آپ سب کا تعاون درکار ہوگا، ہم عزم کرتے ہیں کہ پچھلے ادوار سے زیادہ کام کرکے دکھائیں گے اور کراچی کو ترقی کی طرف گامزن کریں گے۔