امریکہ (جیوڈیسک) ری پبلیکن پارٹی کے صدارتی امیدوار، ڈونالڈ ٹرمپ اور میکسیکو کے صدر انرک پینا نائتو نے میکسیو سٹی میں بات چیت کی، جہاں میزبان سربراہ نے کہا کہ ٹرمپ کا دورہ اس بات کا غماز ہے کہ امریکہ اور میکسیکو ایک دوسرے کے لیے اہم ہیں۔
ملاقات کے بعد ایک اخباری کانفرنس میں پینا نائتو نے کہا کہ باہمی تعلقات کی بنیاد باہمی عزت پر ہونی جاہیئے۔
ٹرمپ میکسیکو کا مذاق اڑاتے رہے ہیں، یہ کہتے ہوئے کہ وہاں سے جنسی زیادتی کرنے والے اور جرائم پیشہ لوگ امریکہ آتے ہیں جو امریکی کارکنوں کے بارے میں دو عشرے قبل طے پانے والے تجارتی سمجھوتے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں۔
میکسیکو سے مزید غیر قانونی امی گریشن کو روکنے اور امریکہ میکسیکو سرحد کے ساتھ ساتھ دیوار تعمیر کرنے کی تجویز پر اُنھوں نے ری پبلیکن پارٹی کے لاکھوں حامیوں کی حمایت حاصل کی، جس کے لیے اُن کا کہنا تھا کہ اس سے میکسیکو سے مزید غیر قانونی امی گریشن رکے گی اور دیوار پر اٹھنے والی رقم میکسیکو سے وصول کی جائے گی، جس تجویز کو پینا نائتو نے یکسر مسترد کیا تھا۔
پینا نائتو نے کہا کہ وہ اور ٹرمپ نے ’’کھلے دل سے اور تعمیری بات چیت کی‘‘۔
اخباری کانفرنس میں ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ میں موجود میکسیکن نژاد امریکیوں کے لیے میرے دل میں اچھے جذبات ہیں۔ اُنھوں نے ان کارکنوں نو ’’شاندار، اور سخت محنتی لوگ‘‘ قرار دیا۔
تاہم، اُنھوں نےباقی مقامات کی طرح میکسیکو سےامریکہ کی جانب غیر قانونی ترک وطن کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
اُنھوں نے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن کو روکنے کے لیے سرحد پر کسی ملک کو باقاعدہ دیوار تعمیر کرنے کا حق حاصل ہے۔
چند ہی روز قبل میکسیکو کے رہنما کی جانب سے میکسیکو سٹی کے دورے کی دعوت ملنے کے بعد اجلت میں ٹرمپ نے جانے کا اعلان کیا۔ اُنھوں نے ٹرمپ کے علاوہ اُن کے ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار اور سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کو بھی مدعو کیا تھا۔
پینا نائتو نے کئی ماہ تک اپنے ملک کے بارے میں ٹرمپ کی باتیں سن کر اُن کا موازنہ ہٹلر اور مسولینی سے کیا تھا۔