ایران (جیوڈیسک) ایران میں ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ بدھ کے روز خلیج عرب کے قریب واقع صوبہ الاھواز کے معشور شہر میں “بوعلی سینا” نامی پیٹروکیمیکل آڈیٹوریم میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں کیمیکل کی تنصیب کو غیرمعمولی نقصان پہنچا ہے۔
قبل ازیں منگل کی شام کو بو شھر گورنری میں “جنوبی بارس” گیس فیلڈ میں ہونے والی آتش زدگی کے باعث بھی بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی تھی۔
خبر رساں ایجنسی “تسنیم” کے مطابق بوعلی علی سیناء پیٹروکیمیکل آڈیٹوریم میں بدھ کی شام سے لگی آگ کو آخری اطلاعات تک بجھایا نہیں جا سکا ہے۔
آگ نے پوری انڈسٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ فائربریگیڈ کا عملہ اور پولیس آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں مگر کوشش کے باوجود کامیاب نہیں ہوسکے۔
خیال رہے کہ بوعلی سینا پیٹرو کیمیکل آڈیٹوریم میں دو ماہ سے کم عرصے میں آتش زدگی کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
پچھلی بار اس آڈیٹوریم میں لگنے والی آگ کے بعد ایرانی حکام نے تسلیم کیا تھا کہ آتش زدگی کے باعث پیٹرو کیمیکل کے بیشتر کارخانے جل کر خاکستر ہوچکے ہیں۔
حکام کا کہنا تھا کہ آتش زدگی کی بنیادی وجہ پیٹرو کیمیکل کارخانوں کے تحفظ اور سلامتی کے لیے متعلقہ کمپنیوں کی طرف سے خاطر خواہ بجٹ فراہم نہ ہونا ہے۔
ہفتے کے روز ایرانی شہری دفاع کے ڈائریکٹر غلام رضا جلالی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ بو علی سیناء کیمیکل انڈسٹری میں آتش زدگی کی تحقیقات کرنے والی ٹیم نے انکشاف کیا تھا کہ انڈسٹری کے سائبر سسٹم میں ’’وائرس‘‘ کا پتا چلا ہے۔
ادھر پرسوں منگل کے روز جنوبی ایران میں گیس فیلڈ میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ بو شہر گورنری کے عہدیدار قاسم قایدی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی بارس میں گیس کے ایک کارخانے میں لگنے والی آگ پر مکمل طور پرقابوپالیا گیا ہے۔