کراچی یکم ستمبر 2016 (پ ر) ناظمہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع وسطی ثمینہ قمر نے کہا ہے کہ مسلمان کا لباس اسلامی تہذیب کے مطابق اور اپنی ثقافت کا عکاس ہونا چاہئے۔ اشتہارات کی بے ہنگھم دوڑ نے معاشرے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
لباس میں جو تغیرات آئے ہیں وہ ہوش ربا ہیں جبکہ اللہ نے جو حدود ہمارے لئے مقرر کئے ہیں انہی میں خیر ہے اور ان حدود سے باہر انتشار ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اپنی مضبوط تہذیب و تمدن رکھتی ہے، اسلام یقیناً ایک قدامت پسند مذہب نہیں کیونکہ مغرب اپنی روایات سے مرعوب نہیں اور اخلاقی لحاظ سے پستی میں گر چکا ہے، تبھی لوگ اسلامی تہذیب کے سائے میں جوق درجوق آ رہے ہیں۔
ثمینہ قمر نے مزید کہا کہ دختر مسلم کی شناخت ہی دراصل حجاب ہے مسلمان عورت کے لئے اپنے رب کی طرف سے یہ تحفہ ایک ایسا حصار ہے جو اسے معاشرے کی اخلاقی برائیوں سے دور رکھتا ہے، مسلم خواتین نے اپنے اس حق کی خاطر جانیں دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ یہ حق ان سے کوئی نہیں چھین سکتا۔