کراچی : چیئر مین بلدیہ کورنگی نیئر رضا نے ضلع کورنگی میں صاف ستھرے صحت مند ماحول کو اولین ترجیحی قرار دیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو اس حوالے سے تندہی کے ساتھ اقدامات کرنے اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے تمام محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی آفس میں ضلع کورنگی میں جراثیم کش ادویات کے اسپرے کا آغاز کرتے ہوئے کیا اس موقع پر میونسپل کمشنر امیر بخش جونیجو ،ڈائریکٹر ہیلتھ رفیق شیخ اور دیگر محکماجاتی سربراہان بھی موجود تھے چیئر مین بلدیہ کورنگی نیئر رضا نے تمام محکمہ جاتی سربراہا ن کو ہدایت کی کہ فرائض کی انجام دہی میں غفلت کا مظاہرہ کئے بغیر عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی کے نظام کی بہتری کے ساتھ ندی نالوں ،کچرا کنڈیوں اور گلیوں محلوں میں جراثیم کش ادویات تواتر کے ساتھ انجام دیئے جائیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عید الاضحی سے قبل صفائی وستھرائی کے نظام میں اصلاحات لا کر ضلع کورنگی کو شہر کا مثالی ضلع بنایا جائیگا ۔ضلع کورنگی میں جراثیم کش ادویات کے اسپرے کا آغاز کرتے ہوئے چیئر مین بلدیہ کورنگی نیئر رضا نے متعلقہ ذمہ داران کو ہدایت کی کہ اسپرے مہم کے دوران علاقائی سطح پر خصوصاً مساجد و امام بارگاہوں اور درسگاہوں پر اسپرے کی انجام دہی کو یقینی بنایا جائے۔