ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ میں فلموں کی کامیابی میں اہم حصہ رقص بھی ہے جس کے لیے بڑے بڑے کوریو گرافر کی خدمات لی جاتی ہیں جب کہ فلم نگری کے نامور گیتوں کے لیے فرح خان نے کوریوگرافی کے فرائض سر انجام دیئے ہیں جس میں کئی سپر ہٹ فلمیں شامل ہیں تاہم اب فرح خان نے اپنی کامیابی کے پیچھے بڑے اداکار کے نام کا انکشاف کیا ہے۔
فرح خان کا کہنا تھا کہ کیرئیر کے ابتدائی دنوں میں ایک انسان نے میری بہت مدد کی تھی اور وہ عامر خان تھے کیوں کہ میں اس وقت اسسٹنٹ تھی اور عامر نے ہی مجھے کیمرے کے لینس سمیت کئی تکنیکی باتوں کی معلومات دی تھی جس کے لیے میں عامر خان کی ممنون ہوں۔ ہدایتکارہ نے کہا کہ عامر خان کی فلم ”جو جیتا وہی سکندر“ کے گیت ”پہلا نشہ“ کو کوریوگراف کرنا میرے لیے شاندار تجربہ تھا جس کے بعد مجھے کبھی بھی کسی دقت کا سامنا نہیں کرنا پڑا تاہم اپنے بھائی ساجد خان کے گانوں کو کوریوگراف کرنا مشکل ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ فرح خان نے کوریو گرافی میں کامیابی کے بعد ہدایتکاری کے میدان میں قدم رکھا اور فلم نگری کو سپر ہٹ فلمیں دیں جس میں ”میں ہوں نا“،”اوم شانتی اوم“سمیت ”ہیپی نیو ایئر“ شامل ہیں۔