ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ کے مشہور ہدایتکار اور فلمساز مہیش بھٹ کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی عالیہ بھٹ ایک سٹار بن چکی ہیں اور وہ بڑے سٹارز کے ساتھ کام نہیں کرتے۔
ممبئی میں مہیش بھٹ کا کہنا تھا کہ ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر، ہائی وے، ہمپٹي شرما کی دلہنیا اور اڑتا پنجاب، جیسی فلموں سے عالیہ نے انڈسٹری میں اپنا مقام بنا لیا ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ عالیہ اب بھٹ کیمپ کے تحت بننے والی فلموں کے بجٹ سے باہر جا چکی ہیں۔ ’عالیہ ایک سٹار ہے اور میں سٹار کے ساتھ کام نہیں کرتا۔‘ مہیش بھٹ کا کہنا تھا کہ ان کی نظر میں عالیہ ان کی بڑی بیٹی پوجا بھٹ سے بہتر اداکارہ ہیں۔
’عالیہ، پوجا سے بہتر اداکارہ ہے، کیونکہ اس نے خود کو مکمل طور پر اداکاری کے لیے وقف کر رکھا ہے جبکہ پوجا کا دل اس میں نہیں تھا تاہم میں نے پوجا کو جو کام دیا گیا اس نے بھی اسے پوری محنت سے نبھایا۔‘
مہیش بھٹ کی وشیش فلمز کا کم بجٹ میں بغیر بڑے ناموں کے فلم بنا کر کمائی کرنے والی فلمیں بنانے کا فارمولا گذشتہ چند برسوں سے ناکام ہوتا نظر آ رہا ہے۔
شاید اسی وجہ سے مہیش اپنی پرانی کاميابي کو ہی ’راز – ری بوٹ‘ سے آزمانا چاہتے ہیں۔
لیکن اگر یہ فارمولا بھی فلم شائقین کی نبض نہیں پکڑ پایا تو؟ اس سوال پر مہیش بھٹ کہتے ہیں، ناکامی سے انھیں ڈر نہیں لگتا، کیونکہ انھیں ناکامی سے ہی کامیابی ملی ہے۔ مہیش بھٹ کے مطابق، ’آج کے فلم بینوں کے پاس تفریح کا سمندر ہے، اگر آپ کا مال اچھا ہے تو وہ آئیں گے ورنہ نہیں۔‘