لاہور (اقبال کھوکھر) نیشنل پارٹی کی پنجاب میں دن بدن بڑھتی ہوئی مقبولیت کارکنان کی پارٹی سے وفاداری اور منشور سے محبت کاثمر ہے۔
ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی پنجاب کے صدر ایوب ملک، جنرل سیکرٹری طالب حسین، نائب صدر میاں آفتاب ، یوتھ ممبر رئوف قیصرانی، سی سی ممبر ملک نذیر اعوان، حفیظ بلوچ، اکبر بلوچ، عرض بلوچ ودیگر نے مظفرآباد، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان میں اپنے دوروزہ دورے کے دوران پارٹی کارکنان کے اجلاسوں، آرگنائزنگ کمیٹیوں کے قیام کی تقریبات میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔
دورے میں انہوں نے پریس کلب مظفر آباد میں پریس بریفنگ تقریب، راجن پور میں سانحہ داجل کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ہمدردی کرتے ہوئے اس پر افسوس کا اظہار کیا۔
ڈیرہ غازی خان میں سرائیکی کے معروف شاعر عاشق بزدار سے بھی تفصیلی ملاقات کی اور انہیں نیشنل پارٹی میں شمولیت کی باضابطہ دعوت دی۔
مقامی کارکنان نے قائدین کی آمد پر انتہائی مسرت کا اظہار کیا۔ قائدین نے کارکنان کے جذبے اور پارٹی خدمات کو سراہتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔