ہر قیمت پر پاکستان کی سالمیت اور سلامتی کا تحفظ کیا جائے گا: صدر اور وزیراعظم کے پیغامات

President and Prime Minister

President and Prime Minister

اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے اس موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں قوم اورمسلح افواج کے اس عزم کااعادہ کیا ہے کہ ہر قیمت پر پاکستان کی سا لمیت اورسلامتی کا تحفظ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ ہماری مسلح افواج مادر وطن کے دفاع کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔صدر نے اپنے پیغام میں کہاکہ چھ ستمبر ہماری تاریخ میں ایک سنگ میل ہے جب اکیاون سال پہلے پاک فوج اور پوری قوم نے دشمن کی جارحیت کے خلاف مادر وطن کا جرات مندی سے دفاع کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں ملک میں سلامتی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے جس کے لئے قوم نڈر اور بہادر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہاکہ چھ ستمبر 1965 کو ہماری بہادر مسلح افواج نے دشمن کو یہ واضح پیغام دیا کہ پاکستان ایک آزاد ملک ہے۔

نوازشریف نے کہا کہ ہم نے جدید ہتھیاروں کی پیداوار میں خود کفالت حاصل کرلی ہے اور ہماری ایٹمی صلاحیت ہمارے مضبوط دفاع کی علامت ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہونا چاہیے تاہم خطے میں توازن یقینی بنانے کی کوشش جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر کے بارے میں ہمارا موقف واضح ہے اور اس با ت پر یقین رکھتے ہیں کہ یہ مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد سے ہی حل ہوسکتا ہے۔

قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی قوم 1965 کی جنگ میں مادروطن کے دفاع کیلئے مسلح افواج کے شہداء کی گرانقدر قربانیوں کی مقروض ہے۔ایاز صادق نے کہاکہ پاک فوج کو چیلنجوں کے باوجود آپریشن ضر ب عضب میں قابل ستائش کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔