مہمند ایجنسی (سعید بادشاہ) مہمند ایجنسی، یوم دفاع پاکستان سیکورٹی فورسز، پولیتیکل انتظامیہ اور قبائلی مشران نے مشترکہ طور پر منائی۔ ہیڈ کوارٹر مہمند رائفلز میں کمانڈنٹ مہمند رائفلز حافظ آصف اقبال اور پولیٹیکل ایجنٹ مہمند محمود اسلم وزیر نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے۔ مہمانان خصوصی، ونگ کمانڈرز اور دیگر حکام نے شہداء کے بچوں اور والدین میں تحائف تقسیم کئے۔ آرمی چیف کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ مہمند ایجنسی میں سیکورٹی فورسز ، خاصہ دار و لیویز سمیت عوامی شہداء کے قربانیوں کے بدولت امن قائم ہوا ہے۔ دشمن کے تمام حربے ناکام بنائے گئے۔ دہشت گرد عناصر کیلئے کوئی محفوظ جگہ نہیں رہی۔ پی اے مہمند اور کمانڈنٹ مہمند رائفلز کا تقریب سے خطاب۔
تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی غلنئی ہیڈ کوارٹر مہمند رائفلز میں یوم دفاع پاکستان سیکورٹی فورسز، پولیٹیکل انتظامیہ اور قبائلی مشران نے انتہائی جوش و جذبے سے منایا۔ جس میں پولیٹیکل ایجنٹ مہمند محمود اسلم وزیر ، کمانڈنٹ مہمند رائفلز حافظ آصف اقبال، ہیڈ کوارٹر ونگ کمانڈرز ، اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹس ، انتظامیہ و سیکورٹی حکام، مہمند ایجنسی کے سرکردہ قبائلی عمائدین، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء کے بچوں، والدین اور رشتہ داروں کے علاوہ طلباء سمیت کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے آغاز میں پروگرام کے میزبان کمانڈنٹ مہمند رائفلز کرنل حافظ آصف اقبال اور مہمان خصوصی پولیٹیکل ایجنٹ مہمند ایجنسی محمود اسلم وزیر نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور سلامی دینے کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ میں حب الوطنی جانی نذرانوں کا زندہ جاوید مثال ہے۔ جس میں پاک فوج اور پاکستانی عوام نے اپنی لہو سے دشمن کی مسلط کردہ جنگ کی آگ بجھائی اور دشمن فوج کو بھاری نقصان پہنچا کر پسپائی پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں پاکستانی سیکورٹی فورسز، سول انتظامیہ اور عوام کو غیر روایتی جنگ کا سامنا ہے۔
مگر بہادر قوم کی بہادر سیکورٹی اداروں نے اس بار بھی عوامی تعاؤن کے بدولت دہشت دہشت گردی کی جنگ میں کامیابی حاصل کر کے امن بحال کر دیا ہے۔ اور ملک دشمن عناصر کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملا دیا ہے۔ جس کیلئے مہمند رائفلز نے 206 شہداء دیئے جبکہ 373 زخمی اور 56 معذور ہوئے ہے اس کے علاوہ لیویز و خاصہ دار اور سویلین شہداء کی تعداد بھی سینکڑوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہمند ایجنسی میں فرنٹیئر کور، پاک فوج، خاصہ دار و لیویز فورس اور غیرت مند قبائل نے زندہ قوموں کی مثال قائم کر کے اپنے خون کے نذرانے دیئے۔ اور اپنے علاقے میں امن قائم کر دیا۔ اب دشمن ہمارے کم فہم لوگوں کو ورغلا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ مگر قبائلی مشران کی سیکورٹی فورسز اور پولیٹیکل انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاؤن کے بدولت ملک دشمن عناصر ناکامی سے دو چار ہیں۔
انہوں نے قبائلی عوام اور مشران پر زور دیا کہ اجتماعی ذمہ داری قانون مزید مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی کے ساتھ آخری مراحل میں ہے۔ اور امن و امان کی فضاء قائم ہو رہا ہے۔ تقریب میں میجر اویس نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا پیغام پڑھ کر سنایا اور سکولوں کے طلباء نے قومی ترانہ ، ملی نغمے اور یوم دفاع کی مناسبت سے خاکے پیش کئے۔ آخر میں پی اے مہمند، کمانڈنٹ مہمند رائفلز ،مہمند رائفلز ونگ کمانڈرز اور دیگر حکام نے مہمند رائفلز، خاصہ دار اور لیویز فورس کے تمغہ بسالت شہید شکیل احمد آفریدی، شہید حوالدار طاہر، شہید سپاہی راحت خان، شہید نائب صوبیدار علی شاہ، شہید نائیک نورشیر، شہید نائب صوبیدار عمردراز، شہید سپاہی عالمگیر، شہید نائیک زرتاج خان، شہید اجمل خان ، شہید حاجی رحمن، شہید نورحسن، شہید علی خان، شہید عطاء الرحمن، شہید طاہر اللہ اور دیگر شہداء کے بچوں ، والدین اور رشتہ داروں میں تحائف اور مہمند ایجنسی کے پوزیشن ہولڈرز طلباء میں انعامات تقسیم کئے۔ تقریب میں مہمند رائفلز کے اسلحہ کی نمائش بھی کی گئی۔