اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں چیئرمین نیب چوہدری قمر زمان کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں راجہ پرویز اشرف کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
راجہ پرویزاشرف کے خلاف ینگ جن رینٹل پاور منصوبے میں خوردبرد کا الزام ہے جبکہ سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے خلاف بھی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی ۔ شرجیل میمن پر اختیارات کاغلط استعمال اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کے خلاف تحقیقات کی منظوری بھی دی گئی جن پر اختیارات کے ناجائز استعمال سے ایک ارب بیس کروڑ کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ رکن سندھ اسمبلی عبدالستار راجپر پر آمدن سے زیادہ اثاثے بنانے کا الزام اور انکم سپوٹ پروگرام میں پونے 3 ارب خوردبرد کی تحقیقات کی منظوری بھی دی گئی۔