میر قاسم علی سمیت پھانسی کے پھندوں کو چومنے والے تمام شہداء کی قربانیوں اور جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں، محمد یوسف

Protest

Protest

کراچی (پ ر) جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی ضلع وسطی محمد یوسف نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں اسلام اور پاکستان سے محبت کر نے والوں نے جرأت و عزیمت اور ثابت قدمی کی مثالیں قائم کی ہیں اور یہ ثابت کیا ہے کہ لاشوں اور پھانسی کے پھندوں سے ڈر نے اور دبنے والے نہیں ہیں۔

بنگلہ دیش میں میر قاسم علی سمیت پھانسی کے پھندوں کو چومنے والے تمام شہداء کی قر بانیوں اور جدوجہد کو سلام پیش کر تے ہیں اور ان کی کامیابیوں اور درجات کی بلندی کی دعا کر تے ہیں۔

بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ واجد کو بھارت اور امریکہ کی مکمل سر پرستی حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون نارتھ کراچی کے تحت بعد نماز جمعہ جامع مسجد عبدالعزیز سیکٹر 5 اور جامع مسجد اکبری کالا اسکول میں بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنما میر قاسم علی کو پھانسی دیئے جانے کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے کارکنوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ قاتل حسینہ واجد کی ظالمانہ کارروائیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔ اگر ایک طرف ظلم ہے تو دوسری طرف استقامت ہے۔ دو قومی نظر یہ آج بھی زندہ ہے۔ یہ ایک حقیقت اور سچائی ہے اور اسے کوئی ختم نہیں کر سکتا۔ ہماری حکومت اور وزیر اعظم نواز شریف اس پر ایک لفظ کہنے کو تیار نہیں ہیں۔

بھارت کی دوستی ان کو زیادہ عزیز ہے۔ شیخ حسینہ واجد بھارتی ایجنڈے پر عمل کر رہی ہے۔ حسینہ واجد حکومت کا نشانہ جماعت اسلامی نہیں بلکہ اسلام اور پاکستان ہے۔ حکومت بنگلہ دیش کتنا ہی ظلم کر ے اس کارواں کو نہیں روک سکتے۔ یہ جدو جہد جاری رہے گی ۔ محمد یوسف نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے آج ہمارے حکمران نظر یہ پاکستان کی حفاظت کر نے سے محروم ہو گئے ہیں لیکن اسلام اور پاکستان سے محبت کر نے والے پاکستان اور نظریہ پاکستان کی حفاظت کر نے کے لئے ہر طرح کی قر بانیاں دینے کو تیار ہیں۔

بنگلہ دیش کی عوامی عدالت ملا عبد القادر سے لے کر میر قاسم علی تک سب کو اپنا ہیرو سمجھتے ہیں ۔اگر ان قائدین کے وار کرائمز ہو تے تو کیا بنگلہ دیش کے عوام ان کو ووٹ دیتے ۔آج حقوق انسانی کا نعرہ لگانے والے اور موم بتیاں جلانے والے کہاں ہیں ؟ان کو بنگلہ دیش میں ریاستی اور عدالتی قتل اور دہشت گردی کیوں نظر نہیں آتی ؟ ۔جماعت اسلامی کے قائدین کے جنازوں میں لاکھوں افراد شریک رہے ہیں اور ان کی ہڑ تال اور احتجاج کی اپیل پر عوام پر زور احتجاج کر تے ہیں۔

بنگلہ دیش میں ایک اور بنگلہ دیش ابھر رہا ہے اور مستقبل انشا اللہ جماعت اسلامی کا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کہا کہ حکومت پاکستان بنگلہ دیش کی جعلی عدالتوں سے سزا پانے والے متحدہ پاکستان کے حامی قائدین اور کارکنان کا مقدمہ لڑنے کے لئے مدعی بنے اور عالمی ادارہ انصاف میں سہ فریقی معاہدہ کو اٹھایا جائے۔ ریاست ، فوج اور عالم اسلام کی ذمہ داری ہے کہ وہ بنگلہ دیش میں مظالم کا سلسلہ رکوائیں

سید انوار احمد
سیکریٹر ی اطلاعات
جماعت اسلامی، وسطی
0345-2385320