ٹیکسلا (سردار منیر اختر) ٹیکسلا میں ضمنی الیکشن کی مہم اپنے عروج پر ہے اس وقت تمام سیاسی پارٹیاں ووٹ لینے کے لیے جگہ جگہ جلسے ریلیاں اور کارنر میٹنگ کا انقعاد کر رہی ہیں۔ لیکن کسی بھی سیاستدان کو عوامی مسائل سے کوئی غرض نہیں ہے۔
علاقہ رہبر کالونی میں واٹر سپلائی انتظامیہ اور واٹر کمیٹی کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے لوگ غلیظ پلید اور گندا پانی پی رہے ہیں۔پانی کھولنے اور بند کرنے والے والز پھٹ گئے ہیں اور لیکج کی وجہ سے پانی باہر روڈ تک آجاتا ہے پھر یہی پانی روڈ اور نالے کی تمام غلاظتیں ساتھ لاکر دوبارہ انھی والز میں داخل ہو جاتا ہے۔بارش میں سارے علاقے کا گندا پانی نالیوں سے ہوتا ہوا بالکل سیدھا والز کے اندر جاتا ہے۔والز جہاں نصب ہیں وہاں کچرے کا ڈھیر لگا ہوا ہے اور گندے شاپروں سے بھرا پڑا ہے۔
اس پلید پانی سے وضو یا غسل جائز ہے یہ تو علماء ِکرام ہی بتاسکتے ہیں مگر لوگوں میں بڑی تعداد میں بیماریاں پھیل رہی ہیں۔اہلیان ِعلاقہ کی زندگی دائو پر لگی ہے اور انتظامیہ اورواٹر کمیٹی میٹھی نیند سورہی ہے اوریہاں کے سیاستدان بھی ایسے غائب ہیں جیسے گدھے کے سر سے سینگ۔ عوام الناس میں سخت رنج اور غم پایا جارہا ہے۔
حالیہ ضمنی انتخابات میں جولوگ ووٹ مانگنے آ رہے ہیں وہ بھی یہی پانی پی رہے ہیں لیکن کسی کو بھی غرض نہیں ہے کہ وہ مناسب کاروائی کرئے۔اہلیان ِ علاقہ کی استدعا ہے اسسٹنٹ کمشنر صاحب سے اور دیگر زمہ داران سے کہ وہ فوری کاروائی کریں اور اس سنگین غفلت پر ذمہ دران کیخلاف کاروائی عمل میں لائیں ۔اور اس مسئلے کو مستقل طور پر حل کریں۔