بنگلہ دیش (جیوڈیسک) بنگلہ دیش کے شہر ٹونگی میں واقع ایک فیکٹری میں بوائلر پھٹنے کے بعد آگ لگنے کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فیکٹری کی چار منزلہ عمارت میں جب دھماکہ ہوا تو اس وقت فیکٹری میں 100 سے زائد افراد کام کر رہے تھے۔
آگ لگنے سے درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جب کہ آگ کے شعلوں نے جلد ہی عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا اور امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
مقامی ہسپتال کے ڈاکٹر پرویز میا نے خبررساں ادارے کو بتایا ’ہلاکتوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے اور کم از کم 70 افراد زخمی ہوئے ہیں۔‘
خیال رہے کہ بنگلہ دیش میں اس سے قبل بھی فیکٹریوں اس قسم کے حادثات رونما ہو چکے ہیں اور اکثر حفاظتی اقدامات غیر معیاری ہوتے ہیں۔
گذشتہ سال دارالحکومت ڈھاکہ میں ایک پلاسٹک فیکٹری میں آگ لگنے سے کم از کم 13 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
سنہ 2013 میں ڈھاکہ کے نواح میں واقع گارمینٹس کمپلیکس رانا پلازہ منہدم ہونے سے 1,135 افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ سنہ 2012 میں ڈھاکہ کے قریب ایک فیکٹری میں آگ لگنے سے 112 مزدوروں کی ہلاکت ہوئی تھی۔