مکہ مکرمہ میں مناسک حج کا آغاز ہو گیا

Hajj

Hajj

ریاض (جیوڈیسک) لبیک اللھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے لاکھوں عازمین حج منیٰ پہنچ رہے ہیں ، حج کا رکن اعظم وقوف عرفات کل ادا کیا جائے گا۔

عازمین نے آج صبح نماز فجر کے بعد منیٰ کا رخ کر رکھا ہے جہاں خیموں کا شہر آباد ہے ۔ عازمین آج رات منیٰ میں قیام کریں گے اور تمام نمازیں اپنے خیموں میں باجماعت ادا کریں گے ۔ کل تمام عازمین نماز فجر کی ادائیگی اور سورج نکلنے کے بعد میدان عرفات کا رخ کریں گے جہاں حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ادا کیا جائے گا ۔ عازمین مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنیں گے اور نماز ظہر و عصر ایک ساتھ ادا کریں گے۔

میدان عرفات میں دن بھر قیام اور مغرب کی اذان کے بعد حجاج کرام واپس مزدلفہ روانہ ہوجائیں گے جہاں نماز مغرب اور عشاء ملا کر ادا کی جائے گی۔

رات بھر مزدلفہ میں کھلے میدان اور پہاڑوں پر قیام کے بعد ججاج کرام 10 ذی الحج کو فجر کی نماز کے بعد منیٰ روانہ ہوں گے جہاں شیطان کو کنکریاں مارنے ، قربانی کرنے اور سر منڈوانے کے بعد واپس مکہ مکرمہ روانگی ہو گی ۔ حجاج مسجد حرام پہنچ کر طواف زیارت کریں گے۔

حج کے دوران سعودی حکومت کی جانب سے زائرین کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں ، ہزاروں اہلکار حاجیوں کی مدد کے لیے تعینات ہیں ۔ 14 لاکھ غیرملکی جبکہ ایک لاکھ سعودی شہری اس سال حج کا فریضہ انجام دیں گے ۔ عازمین حج کے لیے 18 ہزار بسوں کا انتظام کیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے 60 ہزار نفوس پر مشتمل مستعد اسٹاف ہمہ وقت متحرک ہے۔